ایف آئی اے کی وفاقی سیکریٹری خزانہ کیخلاف مقدمے کی سفارش

ایف آئی اے کی وفاقی سیکریٹری خزانہ کیخلاف مقدمے کی سفارش

مالی بدعنوانیوں کے شواہد سامنے آنے پر تفتیشی افسر نے رپورٹ ہیڈ کوارٹرز بھیج دی وقارمسعود کیخلاف ایک برس تک تحقیقات جاری رہی، آج بھی عہدے پر فائض ہیں

کراچی (رپورٹ :نادر خان) ایف آئی اے نے مالی بد عنوانی پرموجودہ وفاقی سیکریٹری خزانہ کے خلاف انکوائری پر مقدمہ درج کرنے کی سفارشی رپورٹ اسلام آباد ہیڈ کوارٹر ارسال کردی ، انکوائری شروع ہونے پر عہدے سے علیحدہ کیے جانے والے سیکریٹری خزانہ کو مقدمے کے اندراج سے قبل تیسری بار عہد ے پر تعینات کردیا گیا ۔ذرائع نے بتایا کہ ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل نے موجودہ وفاقی سیکرٹری خزانہ وقارمسعود کے خلاف تحقیقات شروع کی، جو ایک برس تک جاری رہی اور چند روز قبل ایف آئی اے کارپوریٹ سرکل میں تعینات تفتیشی افسر نے مذکورہ انکوائری پر اپنی رپورٹ اعلیٰ حکام کو ارسال کی، جس میں وفاقی سیکریٹری خزانہ کے خلاف مالی بدعنوانی پر مقدمہ درج کرنے کی سفارش کی گئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق وفاقی سیکریٹری خزانہ کے خلاف انکوائری شروع ہونے کے بعد انہیں کچھ عرصے کے لئے عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا، لیکن کچھ عرصہ قبل انہیں تیسری بار وفاقی سیکرٹری خزانہ کے عہدے پر تعینات کر دیا گیا ہے ، جب کہ دوسری جانب یہ انکوائری اسلام آباد میں موجود ایف آئی اے ہیڈ کوارٹر سے براہ راست ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل سندھ کو دی گئی تھی ۔ اس پر تفتیشی افسر کی جانب سے رپورٹ تیار کیے جانے کے بعد ایف آئی اے ہیڈ کوارٹر اسلام آباد سے مکمل خاموشی اختیار کرلی گئی ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ وفاقی سیکریٹری خزانہ و دیگر سرکاری افسران کے مالی بدعنوانیوں میں ملوث ہونے کے شواہد سامنے آنے پر تفتیشی افسر کی جانب سے اپنے سرکل انچارج کے علاوہ شعبہ قانون کے افسران سے لیگل کمنٹس کے ساتھ مقدمے کے اندراج کے لئے سفارش کی گئی ہے ۔ واضح رہے کہ وفاقی محکمہ خزانہ ملک کا اہم ترین اور ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھنے والا محکمہ ہے ، جس کے ماتحت اسٹیٹ بینک آف پاکستان ،نیشنل بینک آف پاکستان سمیت اہم سرکاری مالیاتی اداروں اور امور کی نہ صرف نگرانی کی جاتی ہے بلکہ ان کا نظم و نسق چلایا جاتا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں