پاکستان ریلویزنے عیدپر5اسپیشل ٹرینوں کاشیڈول جاری کردیا
پہلی ٹرین12جون کوکراچی سٹی سے دن 11بجے روانہ ہوکر اگلے روز پشاور پہنچے گی دوسری ٹرین کوئٹہ ،تیسری کراچی کینٹ،چوتھی راولپنڈی ،پانچویں ملتان سے چلے گی
اسلام آباد(نامہ نگار)پاکستان ریلویز نے عید الفطر کے پُر مسرت موقع پر اضافی رش کے پیشِ نظر مختلف شہروں سے چلنے والی پانچ سپیشل ٹرینوں کا شیڈول جاری کردیاہے ۔ تفصیلات کے مطابق پہلی عید سپیشل ٹرین 12جون کو کراچی سٹی سے دن گیارہ بجے روانہ ہوکر خانیوال ، فیصل آباد ، سرگودھا ، لالہ موسیٰ، ملکوال ، راولپنڈی ، اٹک سٹی سے ہوتی ہوئی اگلے روز رات 10بجکر 30منٹ پر پشاور کینٹ پہنچے گی۔ دوسری ٹرین کوئٹہ سے 12جون دن 11بجکر 30منٹ پر روانہ ہوکر جیکب آباد ،ملتان کینٹ، خانیوال ، لاہور سے ہوتی ہوئی اگلے روز رات 8بجے راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پہنچے گی۔ تیسری ٹرین کراچی کینٹ سے 13جون صبح 11بجے روانہ ہوکر رحیم یار خان ، خانیوال ، فیصل آباد سے ہوتی ہوئی اگلے روز صبح 10بجے لاہور پہنچے گی۔ چوتھی ٹرین راولپنڈی سے 14جون صبح سات بجے روانہ ہوکر اٹک سٹی ، جنڈ ، داؤدخیل ، کوٹ ادو، مظفر گڑھ سے ہوتی ہوئی اسی رات 10بجکر 30منٹ پر ملتان کینٹ پہنچے گی۔پانچویں سپیشل ٹرین ملتان کینٹ سے 19جون صبح سات بجے روانہ ہوکر کوٹ ادو ، مظفر گڑھ، کندیاں ، داؤدخیل ، جنڈ ، اٹک سٹی سے ہوتی ہوئی اسی روز رات 10بجکر 15منٹ پر راولپنڈی پہنچے گی۔مسافروں کے رش کو مدِنظر رکھتے ہوئے معمول کی ٹرینوں کے ساتھ اضافی کوچز بھی لگائی جائیں گی۔سپیشل ٹرینوں کے کرایوں کا شیڈول کچھ یوں ہوگا۔پہلی سپیشل ٹرین کا اکانومی کلاس کا کرایہ کراچی سے ملکوال 1480روپے اور کراچی سے پشاور تک 1860روپے ہوگا۔ دوسری سپیشل ٹرین کا اکانومی کلاس کا کرایہ کوئٹہ سے راولپنڈی سے 1540روپے ، اے سی سٹینڈرڈ کا کرایہ 3550روپے اور اسے سی بزنس کلاس کا کرایہ 4420روپے ہوگا۔ تیسری سپیشل ٹرین کا اکانومی کلاس کا کرایہ کراچی سے لاہور 1430روپے ہوگا۔ چوتھی سپیشل ٹرین کا اکانومی کلاس کا کرایہ راولپنڈی سے ملتان 980روپے ہوگا۔ پانچویں سپیشل ٹرین کا اکانومی کلاس کا کرایہ ملتان سے راولپنڈی تک 980روپے ہوگا۔