کراچی:ایک ہفتے کے دوران 20کروڑ مالیت کی کوکین ضبط
تین وارداتوں میں اسمگلرز دبئی اور دوحہ ایئر پورٹس سے گزر کر کراچی پہنچے
کراچی(رپورٹ: نادر خان) سال نو کی آمد سے قبل کوکین پاؤڈر کی اسمگلنگ بڑھ گئی، کراچی ایئرپورٹ پر ایک ہفتے کے دوران تین کارروائیوں میں 20کروڑ سے زائد مالیت کا کوکین پاؤڈر ضبط کر کے دو غیر ملکیوں سمیت تین افراد کوگرفتار کیا گیا۔ دبئی اور قطر ایئر پورٹس پر موجود جدید اسکیننگ مشینوں سے گزر کر پاکستان آنے والے اسمگلروں کو کراچی ایئر پورٹ پر تعینات کسٹم کے عملے نے پکڑ لیا ۔ گزشتہ برسوں کے مقابلے میں رواں برس کوکین پاؤڈر کی ملک بھر میں کسی بھی ایئرپورٹ سے کلیئر کرانے کی اس سے بڑی کوشش نہیں ہوئی ۔کراچی ایئر پورٹ پر تعینات کسٹم کے عملے نے گزشتہ ہفتے میں تین مختلف بین الاقوامی پروازوں سے پاکستان آنے والے تین مسافروں سے 9 کلو گرام کوکین پاؤڈر ضبط کیا ہے ، جس کی مالیت 20کروڑ روپے سے زائد ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سال نو کی تقریبات سے قبل ملک میں کوکین پاؤڈر کی اسمگلنگ بڑھی ہے ، جس کے لیے اسمگلنگ میں ملوث مافیا فضائی ،زمینی اور سمندری راستے کا استعمال کر رہا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کولمبیا اور میکسیکو سے آنے والے کوکین پاؤڈر کو بآسانی چسپاں کیا جاسکتا ہے ، اس لیے اسے مختلف ڈبوں یا بیگز میں خفیہ طریقے سے چھپایا جاتا ہے ، اس لیے یہ اسکیننگ کے دوران جدید مشینوں سے بھی نکل جاتا ہے ۔کراچی ایئرپورٹ پر حالیہ تینوں وارداتوں میں اسمگلرز دبئی اور قطر (دوحہ) ایئر پورٹس پر نصب کی گئی جدید اسکیننگ مشینوں سے گزر کر آئے لیکن کراچی ایئرپورٹ پر اسکیننگ پر موجود کسٹم کے عملے نے اسمگلروں کے سامان سے کوکین پاؤڈر برآمد کر لیا ۔کسٹم حکام کا کہنا ہے کہ کوکین پاؤڈر کو بآسانی چھپایا جاسکتا ہے اور کراچی ایئر پورٹ پر حالیہ وارداتوں میں اسمگلروں نے کوکین پاؤڈر کپڑے کے بیگز میں اس طرح چسپاں کیا تھا کہ نہ وہ اسکیننگ مشین میں آیا اور بظاہر دیکھنے میں بھی اس کا معلوم نہیں ہو سکتا تھا، تاہم کسٹم کے عملے نے کپڑوں کے بیگز کو مکمل خالی کر کے جب ان کا وزن کیا تو کپڑوں کے بیگز خلاف معمول زیادہ وزن کے معلوم ہوئے ، جس پر ان بیگز کو اُدھیڑا گیا تو ان میں سے کوکین پاؤڈر برآمد ہوا ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی ایئرپورٹ پر چار سال قبل ایک مسافر سے بڑی مقدار میں منشیات پکڑی گئی تھی، جب کہ اس طریقے سے کراچی ایئرپورٹ پر یہ پہلی واردات ہے ، جس میں بڑی مقدار میں کوکین پاؤڈر پاکستان میں لانے کی کوشش کی گئی ہے ۔کسٹم حکام کا کہنا ہے کہ اس سے قبل ملک بھر کے کسی بھی ایئرپورٹ پر اتنی بھاری مالیت کی کوکین اسمگل کرنے کی کوشش نہیں ہوئی۔