شہباز شریف گرفتار ہونے کے باوجود سرکاری خزانے پر بوجھ
نقل و حمل اور دیگر انتظامات پر لاکھوں خرچ ،دوران حراست یومیہ 50ہزار اخراجات جہاز کی 12ٹکٹیں خریدی گئیں،بذریعہ موٹر وے اسلام آباد پہنچانے کیلئے 1لاکھ لگے
لاہور(نمائندہ دنیا)قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور آشیانہ اقبال سکینڈل میں مبینہ طور پر ملوث سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف گرفتار ہونے کے باوجود سرکاری خزانے پر بوجھ ہیں ،انکی نقل و حمل اور دیگر انتظامات پر لاکھوں روپے خرچ ہو گئے ۔ذرائع کے مطابق شہباز شریف کو پروڈکشن آرڈرز کے مطابق نیب لاہور سے اسلام آباد منتقل کرنے پر لاکھوں روپے حکومتی خزانے سے خرچ کئے گئے ۔ایک اندازے کے مطابق نیب کی زیر حراست گزارے گئے ساٹھ روز کے دوران شہباز شریف کی آمد و رفت اور دیگر انتظامات پر یومیہ 50 سے 60 ہزار روپے خرچ کئے گئے ۔ شہباز شریف کو نیب کی ٹیم نے دو بار بذریعہ جہاز اسلام آباد منتقل کیا جس میں اسلام آباد آنے اور جانے کے لئے 12 ٹکٹیں خریدی گئیں۔ ذرائع کے مطابق شہباز شریف اور نیب کی ٹیم کے ہوائی سفر کی ٹکٹوں کے پیسے نیب نے ادا کئے ،شہباز شریف کو ایک بار بذریعہ موٹروے گاڑیوں کے قافلے میں قومی اسمبلی اجلاس کے لئے اسلام آباد منتقل کیا گیا جس پر تقریبا ًایک لاکھ روپے کا خرچ پنجاب حکومت نے کیا، شہباز شریف کی احتساب عدالت پیشی کے دوران گاڑیوں اور نفری کی تعیناتی کے انتظامات پر بھی لاکھوں روپے خرچ ہوئے ۔ذرائع نے مزید بتایا جوڈیشل ریمانڈ کے بعد بھی شہباز شریف کو اسلام آباد منتقل کرنے اور دیگر معاملات سمیت آمد و رفت پر تاحال روزانہ حکومتی خزانے سے بڑی رقم خرچ ہو رہی ہے ۔ خزانے پر بوجھ