جھنگ میں صحت انصاف کارڈ تقسیم، وعدہ نبھا دیا،یاسمین راشد

جھنگ میں صحت انصاف کارڈ تقسیم، وعدہ نبھا دیا،یاسمین راشد

وزیر اعظم غریبوں کو بیماری کی تکالیف سے نجات اور تعلیم کی سہولت دینا چاہتے جھنگ میں ایک لاکھ71ہزار کارڈ دینگے ،ہسپتالوں میں سہولیات بڑھا رہے ،خطاب

جھنگ(نامہ نگار)صوبائی وزیر صحت پنجاب پروفیسر ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ صحت انصاف کارڈ مستحق افراد کیلئے حکومت پنجاب کا تحفہ ہے ، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے جھنگ میں صحت انصاف کارڈ کی تقسیم کا عوام سے کیا گیا وعدہ پورا کر دیا ہے ۔حکومت پنجاب جھنگ کے ایک لاکھ71ہزار 976خاندانوں میں صحت انصاف کارڈ تقسیم کر رہی ہے جبکہ بنیادی مراکز صحت میں چوبیس گھنٹے سروسز کی فراہمی اور ہسپتالوں میں سہولیات میں اضافہ کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہارجناح ہال ضلع کونسل میں صحت انصاف کارڈ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ صحت انصاف کارڈ کے اجراء میں غریب، مزدور و مستحقین کی مشکلات کو مدنظر رکھا گیا ہے ۔ اس کارڈ کے ذریعے 7 لاکھ 20 ہز ار روپے فی خاندان علاج کیلئے حکومت ادا کرے گی اگر مستحقین خاندان کا علاج اس میں بھی مکمل نہ ہو تو اس میں مزید7 لاکھ کابھی اضافہ کر دیا جائے گا۔تحصیل شورکوٹ میں 30ہزار350خاندان، تحصیل جھنگ میں ایک لاکھ11ہزار672، تحصیل احمد پو رسیال میں 29ہزار759جبکہ تحصیل اٹھارہ ہزاری میں 240خاندانوں میں صحت انصاف کارڈ دیئے جائیں گے جبکہ صحت انصاف کارڈکی رجسٹریشن کیلئے ضلع جھنگ میں 17مراکز بنائیں گئے ہیں۔ حکومت پنجاب کی طرف سے مریضوں کو کرائے کی مد میں ایک ہزار روپے بھی ادا کئے جائیں گے اور فوتگی کی صور ت میں انہیں تدفین کے چارجز بھی ادا کئے جائیں گے ۔ وزیر اعظم عمران خان غریبوں کو بیماری کی تکالیف سے نجات دلانا اور تعلیم کی سہولیات فراہم کرنا چاہتے ہیں ۔ ہسپتالوں میں سٹاف اور ڈاکٹر ز کی کمی کو پورا کرنے کیلئے موثر عملی ترتیب دی جا رہی ہے ۔دریں اثنا انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال سمیت دیگر ہسپتالوں کا دورہ کیا اور سہولیات کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹرز و سٹاف سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے ہدایت کی کہ ڈاکٹرز ڈیوٹی ذمہ داری سے نبھائیں ، مریضوں کو پرچی کے اجرا ،اندراجات اور تشخیصی سہولیات حاصل کرنے میں بے جا انتظار نہ کرنا پڑے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں