تھیلیسیمیا مریضوں کو صحت کارڈ دینے کا اعلان ,70 ہزار خاندان مستفید ہونگے :بزدار

تھیلیسیمیا مریضوں کو صحت کارڈ دینے کا اعلان ,70 ہزار خاندان مستفید ہونگے :بزدار

"باہمت بزرگ پروگرام"میں 65سال کے بزرگوں کی ماہانہ مالی معاونت کی جائیگی ،وزیر اعلیٰ کی علی اسجدملہی سے گفتگو غربت کی سطح سے نیچے زندگی گزارنے والے افراد کو باعزت طریقے سے علاج کی سہولت فراہم کریں گے ،یاسمین راشد

لاہور(سیاسی رپورٹر سے )وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے تھیلیسیمیا کے 30ہزار مریضوں کیلئے بھی صحت انصاف کارڈ کے اجرا کا اعلان کیا اور کہا کہ صحت انصاف کارڈ سے صوبہ بھر میں خصوصی افراد کے 70ہزار خاندان مستفید ہوں گے ۔انہوں نے کہا آج خاص دوستوں سے ملاقات کا موقع ہے ،آپ سے ملکرخوشی ہوئی ،خصوصی افراد کی بحالی اورانہیں معاشرے کا مفیدتر شہری بنانے کیلئے کوشاں ہیں ۔وزیر اعلیٰ نے خصوصی افرادکے حقوق کے عالمی دن کے موقع پر 90شاہراہ قائداعظم پر خصوصی تقریب میں شرکت کی۔وزیراعلیٰ نے خصوصی افراد میں صحت انصاف کارڈ کی تقسیم کے پروگرام کا باقاعدہ افتتاح کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار اپنی نشست سے اٹھ کر خصوصی افراد کے پاس گئے اوران میں صحت انصاف کارڈ تقسیم کئے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا صحت انصاف کارڈتحریک انصاف کا فلیگ شپ پروگرام ہے ، اس سے صوبہ کی ایک تہائی آبادی کاپرائیویٹ ہسپتالوں میں مفت علاج ہورہا ہے ،ساڑھے 4لاکھ سے زائد افراد صحت انصاف کارڈ سے مستفید ہو چکے ہیں، ایک لاکھ 18ہزار سے زائد افرادپرائیویٹ ہسپتالوں میں داخل ہو کرمفت علاج کرا چکے ہیں ،خصوصی افراد کیلئے صحت انصاف کارڈ پراجیکٹ کاباقاعدہ آغاز کررہے ہیں۔انہوں نے کہا صحت کارڈ لے کر معیاری نجی ہسپتالوں میں علاج معالجہ کرائیں، بل حکومت دے گی ،خصوصی افراد کو صحت کارڈ پر 7لاکھ 20ہزار تک علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی،خصوصی افراد کو آنے جانے کے اخراجات کے طو رپر ایک ہزار روپے مزید ادا کئے جائیں گے ۔انہوں نے کہا ساڑھے 3ارب روپے کے "ہم قدم" پروگرام سے صوبہ بھر کے 2لاکھ خصوصی افراد کو ماہانہ مالی امداد دی جائیگی ،ساہیوال، بہاولپور، سرگودھا او راوکاڑہ میں سپیشل ایجوکیشن کے 4انسٹیٹیوٹ قائم کئے جا رہے ہیں ،لاہور سمیت 8سپیشل ایجوکیشن مراکز کو پرائمری سے مڈل اور مڈل سے سیکنڈری لیول تک اپ گریڈ کیا جارہا ہے ،خصوصی بچوں کو سپیشل ایجوکیشن مراکز میں آنے جانے کیلئے 14نئی بسیں فراہم کی جا رہی ہیں ۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے خطاب کرتے ہوئے کہا غربت کی سطح سے نیچے زندگی گزارنے والے افراد کو باعزت طریقے سے علاج معالجے کی سہولت فراہم کریں گے ۔تقریب میں خصوصی افراد،ان کے اہلخانہ نے کثیر تعدا دمیں شرکت کی۔عثمان بزدار سے وائس چیئرپرسن پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی علی اسجدملہی نے ملاقات کی ۔عثمان بزدار نے کہا ہماری حکومت معاشرے کے پسے ہوئے طبقے کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کر رہی ہے اور کم وسائل رکھنے والے افرادکی فلاح وبہبود کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا "باہمت بزرگ پروگرام" کیلئے 3ارب روپے رکھے گئے ہیں ،اس پروگرام کے تحت 65سال سے زائد عمر کے بزرگوں کی ماہانہ مالی معاونت کی جائے گی جبکہ معذور افراد او ران کے خاندانوں کو درپیش مسائل کو کم سے کم کریں گے ،پروگرام کیلئے 3ارب 50کروڑ روپے بجٹ میں مختص کئے گئے ہیں ، بیواؤں اور یتیم بچوں کی کفالت کیلئے 2ارب روپے کی لاگت سے سرپرست پروگرام متعارف کرایاجا رہاہے ۔ عثمان بزدارسے لاہور پریس کلب کے وفد نے صدر ارشد انصاری کی قیاد ت میں ملاقات کی۔وزیراعلیٰ عثمان بز دار نے لاہور پریس کلب کیلئے 75لاکھ روپے گرانٹ کا چیک دیا۔وزیراعلیٰ نے لاہور پریس کلب کے وفد کو صحافیوں کو درپیش مسائل کو جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا صحافی کالونی سے متعلقہ امور جلد حل کئے جائیں گے اورصحافیوں کو علاج معالجے کیلئے ہیلتھ کارڈ جاری کئے جائیں گے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں