آرمی ایکٹ ، ن لیگ کا کارکنوں کے تحفظات دور کرنیکا فیصلہ
شہباز شریف پارٹی رہنماؤں سے رابطہ کرکے رواں ماہ ورکر زکنونشن بلا کر موقف دینگے
لاہور(اخلاق باجوہ سے ) آرمی ایکٹ بل کی حمایت میں غیر مشروط ووٹ دینے پر مسلم لیگ ن کے پارلیمنٹیرین اور پارٹی کارکنوں میں پائے جانیوالے غم و غصے اور ان کے تحفظات کو دور کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ،ن لیگ کے صدر شہباز شریف نے پارٹی رہنماؤں سے رابطہ کرکے رواں ماہ ورکرز کنونشن بلانے کا فیصلہ کر لیا، اس کے ساتھ ساتھ شہباز شریف نے پارٹی کے اہم رہنماؤں کو ٹاسک سونپ دیئے ہیں کہ وہ کارکنوں کو بتائیں کہ قیادت آج بھی ''ووٹ کو عزت دو '' کے نعرے اور موقف پر کھڑی ہے ۔آرمی ایکٹ کی غیر مشروط حمایت پاک فوج کے ادارے کو متنازعہ اور کمزور ہونے سے بچانا مقصود تھا ، لیگی ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے پارٹی کے اہم رہنماؤں سے رابطہ کیا ، اس رابطے کا مقصد ن لیگ کے پارلیمنٹیرین اور پارٹی کارکنوں میں قیادت کی مشاورت کے بغیر آرمی ایکٹ کی غیر مشروط حمایت کی وجہ سے پائے جانے والے خدشات، تحفظات اور غم و غصے کو دور کرنا ہے ،شہباز شریف نے پارٹی کے اہم رہنماؤں کو ہدایت کی کہ وہ پارٹی ورکر زکنونشن بلائیں اور ممبران اسمبلی اور کارکنوں کے اندر پائے جانے والے تحفظات کو دور کریں اور ناراض لوگوں کو منائیں۔ پارٹی صدر نے رہنماؤں کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ کارکنوں کو بتائیں کہ حکومت نے پاک فوج جیسے اہم قومی ادارے کو متنازعہ بنانے کی بھر پور کوشش کی جس میں وہ ناکام رہی ۔