قومی اسمبلی :خواجہ آصف کو جھوٹا کہنے پر ہنگامہ,شیخ روحیل ,مراد سعید میں گالم گلوچ

قومی اسمبلی :خواجہ آصف کو جھوٹا کہنے پر ہنگامہ,شیخ روحیل ,مراد سعید میں گالم گلوچ

حکومتی فیصلوں کی وجہ سے کورونا پھیلا، ہر15منٹ بعد ایک موت ہو رہی ہے :بلاول ارکان کی ایک دوسرے کو دھمکیاں ،ماسک اتار دیئے ، ماحول کشیدہ ہونے پر ڈپٹی سپیکر کو 10منٹ کیلئے اجلاس ملتوی کرنا پڑا جندال،مودی کس کے گھر آتے تھے :مراد سعید، آئیں تمام ایشوز پر ملکر آگے بڑھیں :وزیر خارجہ ، تسلی ہوگئی ، خواجہ آصف

اسلام آباد(سیاسی رپورٹر، آئی این پی،دنیا نیوز)قومی اسمبلی میں وفاقی وزیر مراد سعید کی جانب سے خواجہ آصف کو جھوٹا کہنے پر شدید ہنگامہ آرائی ہوئی،لیگی رکن شیخ روحیل اصغر اور مراد سعید کے مابین تلخ کلامی اور گالم گلوچ ہوئی ،حکومتی اور اپوزیشن ارکان کی جانب سے ایک دوسرے کو بولنے نہ دینے کی دھمکیاں بھی دی گئیں،ارکان نے سماجی فاصلے کی شدید خلاف ورزی کی ، ارکان نے شورشرابہ کے دوران ماسک اتار دیئے اورکورونا ایس او پیز توڑ دیئے ۔ ڈپٹی سپیکر ارکان کو ماسک پہننے اور سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کی ہدایت کرتے رہے ۔ماحول کشیدہ ہونے پر ڈپٹی سپیکر کو 10منٹ کیلئے اجلاس ملتوی کرنا پڑا۔ خواجہ آصف نے کہا کہ وزیر خارجہ،وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور وزیر اعظم کی جانب سے کچھ بیانات منسوب کیے گئے ،وزیر خارجہ کا بیان جس میں انہوں نے کہا کہ بھارت سکیورٹی کونسل کا ممبر بن بھی جائے تو قیامت نہیں آئے گی،ایک اور تقریر میں اسرائیل کے ساتھ تعلقات کی بات کی گئی،وزیر خارجہ نے یہ بیانات نہیں دئیے تو وضاحت کریں۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اسرائیل کو تسلیم کیا نہ کریں گے ،ہم دو ریاستی حل کے حامی ہیں ،میں کشمیر پر ایک پارلیمانی کمیٹی تشکیل دینے کی دعوت دیتا ہوں،آئیں ملکر کشمیر سمیت تمام قومی ایشوز پر ملکر آگے بڑھیں۔ منگل کو قومی اسمبلی کا بجٹ اجلاس ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری کی زیر صدارت ہوا،اجلاس میں مسلسل دوسرے روز بجٹ پر عام بحث کا آغاز ہوا۔ وفاقی وزیر مراد سعید نے خواجہ آصف کو جھوٹا کہا جس پر لیگی ارکان اپنی نشستوں پر کھڑے ہو گئے اور شدید احتجاج کیا۔ مراد سعید نے کہا خواجہ آصف نے جو الزامات لگائے وہ جھوٹے ہیں ،اگر کسی ملک کا وزیر اعظم یا وزیر خارجہ غیر ملکی اقامہ ہولڈر ہونگے تو وہ ملک کے وفادارکیسے ہوسکتے ہیں، کون اپنی نواسی کی شادی پر مودی کو بلاتا تھا ، کس نے کہا تھا جندال سے ہمارے تو ذاتی تعلقات ہیں ،انکا لیڈربھارت جاتا ہے تو حریت رہنماؤں سے ملنے کا وقت نہیں ہوتا ، سجن جندال اور مودی کس کے گھر آتے تھے ، پھر کہیں گے کیا جواب دیتا ہے ۔اس موقع پر لیگی ارکان نے احتجاج شروع کر دیاجس پر ڈپٹی سپیکر نے کہا خاموش ہوجائیں،مجھے ہائوس چلانا آتا ہے میں کسی کی دھمکی میں نہیں آئوں گا۔لیگی رکن خواجہ محمد آصف نے کہا میں نے سوالات پوچھے ہیں اسکا جواب دیں، ایسے ایوان نہیں چلنے دیں گے ۔ شیخ روحیل اصغر نے کہا مراد سعید کو میں جواب دوں گا۔ مراد سعید نے کہا کہ یہ طریقہ ہمیں بھی آتا ہے ،پھر خواجہ آصف یہاں بات نہیں کرسکے گا ۔وقفے کے بعد اجلاس دوبارہ شروع ہوا تو وزیر خارجہ نے کہابھارت کے سلامتی کونسل کا مستقل ممبر بننے کا سوال ہی پیدانہیں ہوتا ۔ خواجہ محمد آصف نے کہا کہ اگر اس ایشو پر اسی طرح پہلے بات کرلی جاتی تو تلخی پیدا نہ ہوتی وزیر خارجہ کے جواب سے تسلی ہوگئی ۔ بجٹ پر بحث کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زردار ی نے کہا حکومتی فیصلوں کی وجہ سے کورونا پھیلا،فیڈریشن کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے ، ہم کس کو ذمہ دار ٹھہرائیں؟ ۔وبا سے ہر پندرہ منٹ کے بعد ایک موت ہو رہی ہے ۔ کس نے کہا تھا وائرس جان لیوا نہیں؟ کون لاک ڈاؤن کے خلاف تھا؟ آج تک حکومت کی کوئی حکمت عملی نظر نہیں آئی۔ عوام الیکشن میں آپ کو بتائیں گے کون جاہل ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں