سونے ،ہیروں کی مشکوک خریداری کی تحقیقات کرنیکافیصلہ

سونے ،ہیروں کی مشکوک خریداری کی تحقیقات کرنیکافیصلہ

مشکوک ٹرانزیکشنز کی اطلاع فنانشل مانیٹرنگ یونٹ کودینالازمی 50لاکھ سے مالیت کے زیورات اور ہیروں کی خریداری مشکوک تصور ہوگی

اسلام آباد(خبر نگار خصو صی)ملک میں سونے اور ہیروں کی خریداری کرکے کالا دھن کھپانے کی سخت مانیٹرنگ 7 اقسام کی ٹرانزیکشنز کو تحقیقاتی اداروں کے سپرد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ فنانشل مانیٹرنگ یونٹ نے اس ضمن میں ریڈ انڈیکیٹرز کا تعین کرکے سونے اور ہیروں کے بڑے بیوپاریوں کو ارسال کردیا ہے ۔ بیوپاریوں کو مشکوک خریداری کی اطلاع فنانشل مانیٹرنگ یونٹ کو دینا لازمی قرار دیا گیا ہے ۔ ریڈفلیگ انڈیکیٹرز کے تحت نقد کی صورت میں 50 لاکھ روپے سے مالیت کے زیورات اور ہیروں کی خریداری مشکوک تصور ہوگی۔ مالی حیثیت سے بڑھ کر زیورات اور ہیروں کی خریداری بھی مشکوک تصور ہوگی۔ کسی تیسرے فرد کے ذریعے سونے اور چاندی کی خریداری بھی مشکوک تصور ہوگی۔ ایسی خریداری جس کی ادائیگی آن لائن کی گئی ہو اور اس کی ڈلیوری کسی تیسرے فرد کو کی گئی ہو، ایسی ٹرانزیکشنز کو بھی تحقیقات کیلئے منتخب کیا جائیگا۔ اعلیٰ سیاسی رہنمائوں، بیوروکریٹس اور ان کے قریبی عزیزواقارب کی جانب سے سونے اور ہیروں کی خریداری اور غلط شناختی دستاویزات پیش کرکے کی جانے والی خریداری بھی مشکوک تصور ہوگی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں