مریم نواز کو سرجری کی بہترین سہولیات دینگے :یاسمین راشد
وزیرصحت کا پنجاب کے تینوں نئے ریجنل بلڈ بینکس کو فعال کرنیکا حکم
لاہور (ہیلتھ رپورٹر،اپنے سٹاف رپورٹر سے ) وزیر صحت یاسمین راشد نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کو پیشکش کرتے ہوئے کہا انہیں پاکستان میں سرجری کی بہترین سہولیات دیں گے ،مریم نواز نے چند روز قبل کہا تھا میری سرجری پاکستان میں نہیں ہوسکتی ، تھائیرائیڈز کا عارضہ ہے جس کی سرجری ہونی ہے ،مریم نواز کے بیان پر یاسمین راشد نے کہا پاکستان میں ہر طرح کی سرجری ہو رہی ہے ،مریم نواز مجھ سے رابطہ کریں میں ہر طرح کی سرجری کروا دوں گی ،دریں اثنا محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈاکٹریاسمین راشد نے پنجاب کے تینوں نئے ریجنل بلڈ بینکس کوفوری فعال کرنے کا حکم دے دیا،انہوں نے کہا لاہورکے جنرل ہسپتال اور میوہسپتال میں بلڈ بینکس کی اپ گریڈیشن کی گئی ہے جبکہ فیصل آبادمیں نیا ریجنل بلڈ بینک قائم کردیاگیاہے ،نئے ریجنل بلڈ بینکس کیلئے فنڈزمہیاجبکہ خالی آسامیوں پر بھرتی کی جائے ۔علاوہ ازیں ایڈزبیماری کے حوالہ سے میڈیاکے کردار‘‘کے عنوان پر تربیتی ورکشاپ میں بطورمہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا پنجاب ایڈز میں مبتلا ساڑھے 11ہزارسے زائد رجسٹرڈ مریضوں کو مفت تشخیص،علاج اور ادویات کی سہولت مہیاکررہاہے ۔