انتخابی اصلاحات : حکومت سے تعاون کیلئے تیار ہیں ، پیپلز پارٹی

انتخابی اصلاحات : حکومت سے تعاون کیلئے تیار ہیں ، پیپلز پارٹی

سپیکر اسمبلی نے ایوان کی کارروائی کیلئے تعاون مانگا ، پارلیمنٹ کا ماحول اچھا بنانا چاہتے ہیں اختلاف رائے جمہوریت کی روح :گیلانی ، سینیٹ میں دفتری امور کی ادائیگی شروع

اسلام آباد(خصو صی نیوز رپورٹر ، وقائع نگار ،نیوز ایجنسیاں )پیپلز پارٹی نے انتخابی اصلاحات پر حکومت کیساتھ ہر ممکن تعاون کا اعلان کر دیا ،سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر یوسف رضا گیلانی نے پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ انتخابی اصلاحات ضروری ہیں، ہم حکومت کیساتھ ہر قسم کا تعاون کرنے کے لئے تیار ہیں،یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ سپیکر قومی اسمبلی نے انتخابی اصلاحات اور ایوان کی کارروائی کے لئے تعاون مانگا ہے ، انہوں نے مصطفی نواز کھوکھر کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی ایک جمہوری جماعت ہے ، اختلاف رائے جمہوریت کی روح ہے ، پیپلز پارٹی اس کو سراہتی ہے ،انہوں نے کہا کہ آزاد ارکان کے ساتھ میرا مسلسل رابطہ ہے ہم چاہتے ہیں کہ پارلیمنٹ کا ماحول اچھا ہونا چا ہئے ۔ سپیکر سے کہا ہے کہ ایسا ماحول بنا ئیں جہاں ہر ممبر کو اظہار رائے کی آزادی ہو۔ا نہوں نے کہا کہ ہم آئین کی بالادستی اور پارلیمنٹ کی خود مختاری کے لئے اور قانون کی حکمرانی کے لئے کام کیا ہے ۔آ ئین پاکستان بھی ذوالفقار علی بھٹو نے دیا تھا اور جب میں وزیر اعظم تھا تو ہم نے تمام اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر اصل آئیں کو بحال کیا تھا۔اور اس وقت کے صدر نے بھی اپنے اختیارات سرنڈر کر کے پارلیمنٹ کو د ئیے تھے ۔دوسری جانب سپیکر قومی اسمبلی سے ٹیلی فون پر ہونے والی گفتگو کے بعد پیپلزپارٹی نے قومی اسمبلی کو بہتر ماحول میں چلانے کے لئے رکن قومی اسمبلی نوید قمر کو کوارڈی نیٹر مقرر کر دیا ۔ادھر یوسف رضاگیلانی نے باقاعدہ طور پر پارلیمنٹ ہاؤس میں اپنے چیمبر آنے کے بعد روزمرہ کے دفتری امور کی ادائیگی شروع کر دی۔جمعرات کو سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق سینیٹر سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ایوان بالا میں ملک وقوم کے مفاد میں قانون سازی کے ساتھ ساتھ عوامی مسائل کواجاگر کرنے کیلئے موثر اقدامات اٹھائے جائیں گے اور کوشش کی جائے گی کہ آئینی امور کی انجام دہی کے عمل کو باہمی افہام تفہیم سے آگے بڑھایا جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں