جرمنی اقتصادی، سیاسی قوت، پارلیمانی تعلقات میں وسعت کے خواہاں : شاہ محمود
معاشی سفارت کاری ،ٹیکنالوجی کے تبادلے کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں ، یہاں کی قیادت سے بات چیت ہو گی ، وزیر خارجہ 2 روزہ دورے پر برلن پہنچ گئے ، پاکستانی سفیر نے ہوائی اڈے پرخیرمقدم کیا ، آج اہم ملاقاتیں
اسلام آباد( وقائع نگار ، اے پی پی )وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، جرمنی کے ساتھ پارلیمانی سطح پر تعلقات میں وسعت کا خواہاں ہے ، جرمنی دنیا کی اہم اقتصادی اور سیاسی قوت ہے ،جرمنی کے ساتھ پاکستان کی وابستگی، تاریخی نوعیت کی ہے ،برلن ہوائی اڈے پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ میں جرمنی کے دارالحکومت برلن پہنچا ہوں،یہاں قیام کے دوران میری بزنس لیڈر ز اور کمیونٹی کے لوگوں سے ملاقات ہو گی ،ایک لاکھ سے زائد پاکستانی جرمنی میں قیام پذیر ہیں اور یہاں بہت مثبت کردار ادا کر رہے ہیں، ہم معاشی سفارت کاری اور ٹیکنالوجی کے تبادلے کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں ،اس حوالے سے یہاں کی قیادت سے بات چیت ہو گی ، آج مجھے جرمنی کے وزیر خارجہ سے ملاقات اور اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کا موقع ملے گا ،میری جرمن پارلیمان کے صدر وولف گانگ شوئبلے سے بھی ملاقات ہو گی ،ہم چاہتے ہیں جرمنی کے ساتھ پارلیمانی سطح پر ہمارے تعلقات میں وسعت آئے اور پہلے سے موجود "فرینڈشپ گروپس" مزید فعال ہوں ، شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کی یورپی ممالک کے ساتھ ہونے والی دو طرفہ تجارت کے حجم میں سب سے زیادہ حصہ جرمنی کا ہے ،قبل ازیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی 2 روزہ دورے پر وفد کے ہمراہ جرمنی پہنچے ،برلن ہوائی اڈے پر جرمنی میں تعینات پاکستانی سفیر ڈاکٹر محمد فیصل ، جرمنی کی وزارتِ خارجہ کے اعلیٰ حکام اور سفارتخانے کے سینئر افسران نے ان کا خیر مقدم کیا ، شاہ محمود جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس، جرمنی کی پارلیمنٹ کے صدر وولف گانگ شوئبلے سمیت اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے ، وزیر خارجہ پاکستانی سفارتخانے کا دورہ ، جرمنی میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے ملاقات کریں گے ۔ پاکستان اور جرمنی کے مابین دو طرفہ سفارتی تعلقات کی 70ویں سالگِرہ کے موقع پر،وزیر خارجہ کا دورہ دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور دو طرفہ کثیرالجہتی تعاون کے فروغ کے لئے سنگ میل ثابت ہوگا۔