سپریم کورٹ میں 26 ویں آئینی ترمیم کے خلاف ایک اور درخواست دائر
اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ میں 26 ویں آئینی ترمیم کے خلاف ایک اور درخواست دائر کر دی گئی۔
سپریم کورٹ بار کے سابق 8 صدور کی جانب سے 26 ویں آئینی ترمیم کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی گئی ہے، درخواست سردار لطیف کھوسہ اور بیرسٹر صلاح الدین کے ذریعے دائر کی گئی۔
درخواست گزاروں میں حامد خان، امان اللہ کنرانی، عابد حسن منٹو، علی احمد کرد، اکرم شیخ، قاضی محمد انور، منیر اے ملک اور عابد زبیری شامل ہیں۔
دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ 26 ویں آئینی ترمیم عدلیہ کی آزادی سے متصادم اور اختیارات کی تقسیم کے اصول کے بر خلاف ہے، 26 ویں آئینی ترمیم مخصوص نشستوں کے فیصلے کے بغیر نہیں ہو سکتی تھی۔
سپریم کورٹ سے درخواست میں استدعا کی گئی کہ حتمی فیصلے تک 26 آئینی کے نتیجے میں ہونے والے تمام اقدامات کو معطل کیا جائے۔