پنجاب کابینہ:بزرگوں،طلبہ کیلئے سفرمفت، بھکر،بہاولنگرائیرپورٹ کی منظوری

پنجاب کابینہ:بزرگوں،طلبہ کیلئے سفرمفت، بھکر،بہاولنگرائیرپورٹ کی منظوری

لاہور(دنیانیوز)وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے 24ویں اجلاس میں طویل ترین ایجنڈا آئٹمز کی منظوری دی گئی اور اہم فیصلے کئے گئے ۔

Advertisement
0 seconds of 0 secondsVolume 0%
Press shift question mark to access a list of keyboard shortcuts
00:00
00:00
00:00
 

 کابینہ نے پنجاب میں سپیشل افراد، بزرگ اور طلبہ کے  لئے مفت سفر کی سہولت کی منظوری دے دی ،طلبہ کیلئے ٹرانسپورٹ کارڈ جاری کرنے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔فسادات سے نمٹنے کیلئے 2ہزار نفری پر مشتمل رائٹ مینجمنٹ پولیس، کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے قیام اورپنجاب کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے وسائل کی فراہمی کی منظوری بھی دی گئی ۔وزیراعلیٰ نے چکن کے نرخ کم کرنے کیلئے موثر اقدامات کی ہدایت کی، جنسی جرائم کیلئے سپیشل انویسٹی گیشن یونٹس کے قیام کی منظوری دی گئی اور ریپ کے واقعات کی روک تھام کے لئے اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔بھکر اور بہاولنگر میں ایئرپورٹ بنانے کا اصولی فیصلہ کیا گیا، ضلع بھکر میں ایئر ایمبولینس سروس کیلئے ایئر سٹرپ کی تعمیر کے فنڈز کی منظوری دی گئی، پنجاب کی ایئر لائن سروس کے آغاز کی تجویز کا جائزہ لیا گیا، وزیراعلیٰ نے ٹریفک چالان اور جرمانے کی وصولی یقینی بنانے کا حکم دیا۔ ٹریفک چالان جرمانے کی عدم ادائیگی پر عدم برداشت کی پالیسی اپنانے کی ہدایت کی گئی، وزیراعلیٰ نے لیگل ریفارمز کے لئے پلان طلب کرلیا۔ناجائز اسلحہ کے تدارک کیلئے پنجاب آرمز آرڈیننس کی خلاف ورزی پر جرمانے اور سزا مزید سخت کردی گئی ، پیدائش اور ڈیتھ رجسٹریشن سرٹیفکیٹ کی فیس ایک سال کے لئے معاف کر دی گئی، نادار اور مستحق افراد کو مفت قانونی امداد یقینی بنانے کے لئے پنجاب لیگل ایڈ رولز میں ترمیم کی منظوری دی گئی۔

وزیراعلیٰ نے پنجاب میں چاول کی دو فصلیں کاشت کرنے کی پابندی کی تجویز کو مسترد کر دیا، 664 بصارت سے محروم افرادکو ڈیلی ویجز پر ایڈجسٹ کرنے اور بصارت سے محروم افراد کی مزید سماجی شمولیت کے لئے تجاویز کی منظوری دی گئی۔پنجاب کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ میں 3904 اسامیوں کی منظوری دی گئی، شیخ زید میڈیکل کالج اورہسپتال رحیم یار خان کے نئے کارڈیک سنٹر کیلئے ایڈہاک اورکنٹریکٹ بنیادوں پر بھرتیوں کی اجازت کی منظوری اور پنجاب لائف انشورنس کمپنی میں کلیدی عہدوں پر بھرتی کے لئے سلیکشن کمیٹی کی منظوری دی گئی۔ محکمہ خزانہ کے سپیشلائزڈ یونٹ میں خالی اسامیوں پر نئی بھرتیوں کی منظوری دی گئی، نواز شریف سنٹر آف ایکسی لینس فار ارلی چائلڈ ایجوکیشن، چلڈرن لائبریری کمپلیکس لاہور کے لئے 32 نئی اسامیوں کی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی سے پروٹیکٹد فارسٹ کی اراضی کی واپسی کی منظوری بھی دے دی ۔ کابینہ نے پنجاب فرٹیلائزر کنٹرول ایکٹ کی خلاف ورزی پر جرمانے بڑھا دیئے ۔ ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی ٹرانسفر پالیسی 2024، محکمہ داخلہ کی طرف سے انعامی رقم کے تعین کی منظوری دی گئی۔ سالٹ رینج پنجاب میں سمال انڈسٹری سٹیٹ اورمنرل پراسیسنگ یونٹ کے قیام کی منظوری دی گئی۔ چنیوٹ میں آئرن اوور ریزرو کی کان کنی اور پراسیسنگ کیلئے سٹریٹجک اراضی کے حصول کی منظوری دی گئی۔ دہلی گیٹ سے اکبری گیٹ تک مصالحہ مارکیٹ کے بنیادی ڈھانچے کی تزئین و آرائش کے منصوبے کو اے ڈی پی 2024-25میں شامل کرنے کی منظوری دی گئی۔

کسانوں کی حوصلہ افزائی اور کپاس کی ابتدائی کاشت کے فروغ کے لئے کاٹن ریوایول پلان کی منظوری دی گئی۔ والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کے دائرہ کار کو پنجاب بھر تک وسعت دینے کی منظوری بھی دی گئی۔ اس کے علاوہ بھی کابینہ نے کئی اہم منصوبوں کی منظوری دی ۔مریم نوازشریف نے کہا کہ حکومت آتے ہی سفارشوں کی لائن لگ گئی لیکن کسی بھی سفارش پر عمل نہیں کیا،لا آفیسرز کی 100فیصد میرٹ پر تعیناتی ہونی چاہئے ، بھرتی پر انگلی نہیں اٹھنی چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ زیادتی کے واقعات کا سن کر سرشرم سے جھک جاتا ہے ، پنک سالٹ پاکستان کا ہے صرف پیکجنگ کرکے فائدہ دوسرے ممالک اٹھارہے ہیں۔ہم کسی صوبے کا پانی نہیں لے رہے ،جواب دیں گے ۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے عیدالفطر پراشیائے خورونوش کے نرخ کنٹرول میں رکھنے کی کڑی ہدایت کی اور کہا کہ پہلی بار رمضان میں قیمتیں کنٹرول میں رہیں، لائنز نہیں لگی اوردھکم پیل نہیں ہوئی۔ اجلاس میں طلبہ کے لئے گریڈ نگ سسٹم کے لئے ورلڈ بینک سے معاہدہ سائن کرنے کی منظوری دی گئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں