عید کے دن بھی غزہ پر اسرائیلی حملے ،مزید 24شہید
غزہ (اے ایف پی،مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیلی جارحیت کے آغاز کے بعد تباہ حال غزہ میں گزشتہ روز دوسری عید الفطر منائی گئی ۔
عید کے خوشیوں بھرے موقع پر بھی اسرائیلی فورسز نے خان یونس پر فضائی اور زمینی حملے کر کے مزید 24 فلسطینی شہید کر دئیے ۔فلسطینی شہریوں کا کہنا تھا عید کے لمحات میں بھی ہم اپنے بچوں کیلئے کچھ نہیں خرید سکتے ، روزگار کے مواقع پہلے ہی محدود ہیں ، کراسنگ پوائنٹس کی بندش نے مشکلات کو دگنا کر دیا ۔شہریوں نے کہا کہ غزہ میں زندگی اجیرن ہو چکی ، لوگ بھوک سے نڈھال ہیں، صرف اللہ ہی جانتا ہے کہ یہاں کے لوگوں پر کیا گزر رہی ہے ؟۔غزہ کے امدادی کارکنوں کا کہنا ہے کہ ہفتہ قبل ایمبولینسز پر اسرائیلی فائرنگ سے شہید ہونے والے 14افراد کی لاشیں بر آمدکر لیں ۔ شہدا میں ایمرجنسی میڈیکل ٹیکنیشنز، سول ڈیفنس کے پانچ اہلکار اور اقوام متحدہ کے ادارے کا ایک ملازم شامل ہے ۔اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ حماس کی قیادت اگرہتھیار ڈال دے تو انہیں غزہ کی پٹی سے نکلنے کی اجازت دینے کو تیار ہیں ۔