6سینئر ڈیمو کریٹس نے ٹرمپ کے ٹیرف کی تحقیقات کا مطالبہ کردیا

واشنگٹن،بیجنگ (اے ایف پی،مانیٹرنگ ڈیسک) چھ سینئر ڈیموکریٹس ارکان نے امریکا کے سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن کو خط لکھ کر۔۔
مطالبہ کیا ہے کہ ٹرمپ کے ٹیرف کی تحقیقات کی جائیں ، ایس ای سی صدر ٹرمپ کی جانب سے وفاقی سکیورٹیز کے قوانین کی ممکنہ خلاف ورزیوں کی بھی چھان بین کرے ۔سابق صدارتی امیدوار اور موجودہ سینیٹر الزبتھ وارن کے دستخط شدہ خط میں کہا گیا ہے کہ ہم ایس ای سی پر زور دیتے ہیں کہ وہ اس بات کی تحقیقات کرے کہ آیا ٹیرف کے اعلانات کے بعد مارکیٹ کا کریش ہونا اور بعد ازاں جزوی بحالی کا کوئی فائدہ ٹرمپ انتظامیہ یا ان کے دوستوں کو پہنچا ہے ۔خط میں کہا گیا ہے کہ ہماری قوم کے پاس انسائڈر ٹریڈنگ اور مارکیٹ میں ہیرا پھیری کو روکنے کیلئے سخت قوانین ہیں۔ خط پر چک شومر، رون وائیڈن، مارک کیلی اور روبن گیلیگو اور ایڈم شِف کے دستخط بھی تھے ، انہوں نے 25 اپریل تک ایس ای سی سے جواب دینے کی درخواست کی ۔علاوہ ازیں چین کے وزیر تجارت وانگ وینٹاؤ نے ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن کے سربراہ کو بتایا کہ امریکی ٹیرف غریب ممالک کو سنگین نقصان پہنچائیں گے ۔وانگ نے ڈبلیو ٹی او کے سربراہ نگوزی اوکونجوآویلا سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکا نے مسلسل ٹیرف اقدامات متعارف کرائے ہیں جس سے دنیا میں بہت زیادہ غیر یقینی اور عدم استحکام پیدا ہوا ہے ، نیا امریکی ٹیرف انسانی بحران کو بھی جنم دے سکتا ہے ۔علاوہ ازیں ٹرمپ نے سمارٹ فون سمیت کمپیوٹر اور ٹیک آلات کو نئے ٹیرف سے مستثنیٰ قرار دے دیا۔ادھر امریکی صدر ٹرمپ کا طبی معائنہ گزشتہ روز میری لینڈ کے والٹر ریڈ میڈیکل سنٹر میں ہوا۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ان کے تمام ٹیسٹ اچھے رہے ،مکمل رپورٹ آج جاری کی جائے گی۔ انہوں نے کہا معائنہ کافی طویل رہا، ہر ممکن ٹیسٹ لیا گیا۔ میرا خیال ہے سب اچھا رہا۔انہوں نے بتایا کہ انہوں نے دماغی ٹیسٹ بھی دیا جس میں تمام سوالات کے درست جواب دئیے ۔یاد رہے صدر ٹرمپ جون میں 79 برس کے ہو جائیں گے ۔پریس سیکرٹری کیرولین نے قبل ازیں میڈیا کو بتایا کہ صدر بہت اچھی حالت میں ہیں جیسا کہ آپ روزانہ کی بنیاد پر دیکھتے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ مئی میں سعودی عرب کا دورہ کریں گے ۔ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ خطے میں امن کی بحالی کیلئے ولی عہد شہزادہ محمد کے ساتھ مل کر کام کریں گے ۔