اوور سیز پاکستانیوں کیلئے مراعات :ان کی اولاد کیلئے وفاقی چارٹریونیورسٹیوں میں5اور میڈیکل کالجوں میں15فیصد کوٹہ خصوصی عدالتیں بھی بنیں گی:شہباز شریف
اسلام آباد(نامہ نگار، دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اعظم شہباز شریف نے وفاقی دارالحکومت میں اوورسیز پاکستانیوں کیلئے مراعات کا اعلان کرتے ہوئے کہا بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے کیلئے خصوصی عدالتیں قائم کی جائیں گی، ان کی اولاد کیلئے وفاقی چارٹر یونیورسٹیوں میں 5اور میڈیکل کالجوں میں 15 فیصد کوٹہ رکھا جائے گا۔
اسلام آباد میں سمندر پار مقیم پاکستانیوں کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا اوورسیز پاکستانیوں کے جذبے اور قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، ایک کروڑ سے زائد پاکستانی دنیا کے مختلف ملکوں میں مقیم ہیں۔ اسلام آباد میں اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے کے لیے خصوصی عدالتیں قائم کردی گئیں، پنجاب اور بلوچستان میں بھی ایسی عدالتیں قائم کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے محنت،لگن اورقربانیوں سے اپنا مقام بنایا، آپ ہمارے سروں کے تاج اور ہمارے ایمبیسڈر ہیں، اوورسیز پاکستانیوں کا دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتا ہے ، بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنی محنت سے رزق حلال کما رہے ہیں، بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کا فخرہیں۔انہوں نے کہا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر سچے پاکستانی اور زبردست پروفیشنل ہیں، جو دل میں ہوتا ہے وہی بات ان کی زبان پر ہوتی ہے ، اللہ کے کرم سے ان کے ہاتھوں میں پاکستان کا دفاع محفوظ ہے ، پاکستان کی طرف کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا اور جو کوئی میلی آنکھ سے دیکھے گا تو اس آنکھ کو پاکستانی پاؤں تلے روند دیں گے ۔سب جانتے ہیں دہشت گردوں کو کون فنڈنگ کررہا ہے اور دہشت گردی کے تانے بانے کہاں ملتے ہیں،2018 میں ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ ہوچکا تھا،ماضی کی غلطیوں کی وجہ سے ملک میں دہشت گردی واپس آئی، سوات اور دیگر علاقوں سے دہشت گردوں کو لا کر بسایا گیا۔
انہوں نے کہا اوورسیز پاکستانیوں کے بچوں کی تعلیم کیلئے یونیورسٹیوں میں5 فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے جبکہ میڈیکل کالجز میں 15 فیصد کوٹہ رکھا گیا گیا ہے ، ایف بی آر اوورسیز پاکستانیوں کو لین دین اور بینک معاملات میں بطور فائلرز شمار کرے گا، نیوٹیک بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے بچوں کو ابتدائی ہنرمند بنانے کے لیے کورس کرائے گا۔ ویڈیولنک کے ذریعے تمام مشنز سے شواہد کی ای ریکارڈنگ کی سہولت دی جائے گی، مقدمات کی ای فائلنگ کی سہولت بھی فراہم کر رہے ہیں ، یہ سہولت60 دن میں دی جائے گی۔ میرپور آزاد کشمیرمیں بین الاقوامی ایئرپورٹ کی فیزبیلٹی بنانے کے احکام جاری کر دئیے ہیں، سب سے زیادہ فارن ایکسچینج بھیجنے والوں کو ہر سال 15سول ایوارڈز دیئے جائیں گے ۔ جو اوورسیز پاکستانی خواتین پاکستان میں سرکاری نوکری حاصل کرنا چاہیں ان کے لیے عمر کی حد 5 سال سے بڑھا کر 10 سال کی جارہی ہے ۔دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہونے والی کمی کو صارفین تک منتقل کرنے کی بجائے اس رقم کو بلوچستان کی سب سے اہم شاہراہ N- 25 (چمن -کوئٹہ-قلات-خضدار- کراچی شاہراہ) کو دو رویہ کرنے میں استعمال کیا جائے گا تاکہ بلوچستان کے عوام کو سفر کی بہترین سہولیات میسر آسکیں۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ قومی شاہراہ کی بحالی موٹر وے کے معیار پر کی جائے ۔
مزید برآں اسی بچت سے کچھی کینال کا فیز 2 بھی مکمل کیا جائے گا، جس سے بلوچستان کی سینکڑوں ایکڑ زمین سیراب ہو گی اور صوبے سمیت پاکستان بھر میں خوشحالی آئے گی۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی، جو کہ خصوصی طور پر وفاقی کابینہ کے اجلاس میں شریک تھے ، نے بلوچستان کے عوام کے لئے این 25 کی بحالی کے منصوبے اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کے لیے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔اجلاس میں وفاقی کابینہ نے پٹرولیم ڈویژن کی سفارش پر پٹرولیم پراڈکٹس (پٹرولیم لیوی) آرڈیننس 1961 میں ترمیم کی منظوری دے دی۔ اس ترمیم میں قومی محصولات میں اضافہ ہو گا۔وفاقی کابینہ نے وزارت خزانہ کی سفارش پر حکومت کی ڈومیسٹک سکیورٹیز جاری کرنے کے حوالے سے سسٹین ایبل انویسٹمنٹ سکوک فریم ورک کی منظوری دے دی ۔ یہ فریم ورک مقامی طور پر پائیدار سرمایہ کاری کے لئے سکوک جاری کرنے کے حوالے سے مددگار ثابت ہو گا جس کے تحت پائیدار ماحولیات اور قابل تجدید توانائی کے حوالے سے منصوبوں کی فنڈنگ کی جا سکے گی۔ وفاقی کابینہ نے وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی سفارش پر نیشنل ایگری ٹریڈ اینڈ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے قیام کے حوالے سے بل کو پارلیمنٹ بھیجنے کی منظوری دے دی۔
اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)چیف آف آرمی سٹاف جنرل سیدعاصم منیر نے کہا پاکستان کے دشمنوں کا یہ خیال ہے کہ مٹھی بھر دہشت گرد پاکستان کی تقدیر کا فیصلہ کر سکتے ہیں جبکہ دہشت گردوں کی 10 نسلیں بھی بلوچستان اور پاکستان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتیں۔آرمی چیف نے پہلے اوورسیز پاکستانیز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا میں آج بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے جذبات دیکھ کر بہت متاثر ہوا ہوں اور میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ آپ کے لیے ہمارے جذبات اس سے بھی زیادہ مضبوط ہیں، آپ صرف پاکستان کے سفیر ہی نہیں بلکہ پاکستان کی وہ روشنی ہیں جو پورے اقوام عالم پر پڑتی ہے ، جو لوگ برین ڈرین کا بیانیہ بناتے ہیں، وہ جان لیں کہ یہ برین ڈرین نہیں بلکہ برین گین ہے اور بیرون ملک پاکستانی اس کی عمدہ ترین مثال ہیں، آپ سب پاکستان کی کہانی اپنی اگلی نسل کو سنائیں گے اور وہ کہانی جس کی بنیاد پر ہمارے آباواجداد نے پاکستان حاصل کیا،کیا پاکستان کے دشمنوں کا یہ خیال ہے کہ مٹھی بھر دہشت گرد پاکستان کی تقدیر کا فیصلہ کر سکتے ہیں، دہشت گردوں کی 10 نسلیں بھی بلوچستان اور پاکستان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتیں۔ بلوچستان پاکستان کی تقدیر اور ہمارے ماتھے کا جھومر ہے ، جب تک اس ملک کے غیور عوام افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں، آپ کی فوج ہر مشکل سے بآسانی نبرد آزما ہو سکتی ہے ۔
اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بے بہا وسائل سے نوازا ہے جس پر ہمیں ہر وقت شکر ادا کرنا چاہیے ، ہم آج مل کر یہ واضح پیغام دے رہے ہیں کہ جو پاکستان کی ترقی کے راستے میں حائل ہو گا ہم مل کر اس رکاوٹ کو ہٹا دیں گے ۔آرمی چیف نے اوور سیز پاکستانیوں سے مخاطب ہو کر کہا آپ جس ملک میں بھی ہوں، یاد رکھیں کہ آپ کی میراث ایک اعلیٰ معاشرے ، نظرئیے اور تہذیب سے ہے ، نامساعد حالات کے آگے بطور مسلمان اور پاکستانی نہیں گھبراتے ، ہم کبھی بھی مشکلات اور دشواریوں کے سامنے نہ جھکے ہیں اور نہ جھکیں گے ۔ جب تک اس ملک کے غیور عوام افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں پاکستان کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا، قوم اپنے شہدا کو نہایت عزت اور وقار کی نظر سے دیکھتی ہے ، ان کی قربانی لازوال ہے جس پر کبھی ملال نہ آنے دیں گے ۔ ہم پاکستان کو اس مقام پر لے جانا چاہتے ہیں جس کا خواب قائداعظم نے دیکھا تھا اور آپ ہمیشہ اپنا سر فخر سے بلند رکھیں کیونکہ آپ کا تعلق کسی عام ملک سے نہیں بلکہ آپ ایک عظیم اور طاقت ور ملک کے نمائندے ہیں۔ کشمیر پاکستان کی شہ رگ تھا، ہے اور ہمیشہ رہے گا، اسی طرح پاکستانیوں کا دل ہمیشہ غزہ کے مسلمانوں کے ساتھ دھڑکتا ہے ۔ پاکستان کی ترقی کا سفر جاری ہے ، سوال یہ نہیں کہ پاکستان نے کب ترقی کرنی ہے بلکہ اصل سوال یہ ہے کہ پاکستان نے کتنی تیزی سے ترقی کرنی ہے ۔ خطاب کے اختتام پر آرمی چیف اور شرکا نے پاکستان ہمیشہ زندہ باد کا نعرہ لگایا۔