کینالز کا معاملہ پیپلزپارٹی کیساتھ بیٹھ کر حل کرینگے :عطاتارڑ
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیراطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کے ساتھ مل بیٹھ کر نہروں کا مسئلہ حل کرینگے ،یہ انتظامی معاملہ ہے ، سیاست نہیں ہونی چاہئے ۔
انہوں نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ کوئی صوبہ دوسرے صوبے کا پانی کا حق نہیں لے سکتا ،شرجیل میمن نے کہا کہ معاملہ افہام و تفہیم سے حل ہونا چا ہئے ،ان کا بیان خوش آئند ہے ، پیپلزپارٹی اتحادی ہے ، انکے پاس آئینی عہدے ہیں، اتحاد کا تقاضا ہے کہ مسئلے پر مل بیٹھ کر بات کریں۔ پانی کی منصفانہ تقسیم کا قانون موجود ہے ، کسی کی حق تلفی نہیں ہوگی، کینالز انتظامی مسئلہ ہے اور انتظامی طریقے سے ہی حل کرنا چاہئے ۔ پی ٹی آئی نے قوم کو تقسیم کرنے کی کوشش کی لیکن خود تقسیم ہوگئی، پی ٹی آئی نے انتشار اور تباہی کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔ پی ٹی آئی کو بات چیت کا موقع دیا گیا لیکن اس نے راہ فرار اختیار کی، آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی تقریر سے بھارت اور پی ٹی آئی کو تکلیف ہوئی ہے ۔وزیراطلاعات نے کہا ملکی معیشت کی بحالی میں آرمی چیف اور ایس آئی ایف سی کا کردار ہے ، دشمن شرطیں لگا رہے تھے کہ کب ڈیفالٹ ہورہے ہیں۔ آئی ایم ایف آج پاکستان کی معیشت کی تعریف کررہا ہے ، پاکستان ایک بار پھر اڑان بھرنے کو تیار ہے ۔