فیفا ورلڈکپ،ایرانی ٹیم آئی تو خطرہ لاحق ہوگا:ٹرمپ
فیفا ورلڈکپ،ایرانی ٹیم آئی تو خطرہ لاحق ہوگا:ٹرمپ امریکی صدر نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ٹیم کو خوش آمدید کہا جائیگا، صدر فیفا
واشنگٹن (سپورٹس ڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایرانی ٹیم فیفا ورلڈکپ میں شرکت کے لیے امریکا آئی تو ان کی زندگی کو خطرہ لاحق ہوگا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی قومی فٹبال ٹیم کو فیفا ورلڈکپ 2026 سے دور رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ ان کی اپنی جان اور سلامتی کے لیے بہتر ہو سکتا ہے ۔یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے ۔فیفا ورلڈکپ رواں سال 11 جون سے 19 جولائی تک امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں مشترکہ طور پر کھیلا جائے گا۔ایران کی ٹیم نے ایشیائی کوالیفائنگ مرحلے میں گروپ اے میں پہلی پوزیشن حاصل کر کے مسلسل چوتھی بار ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کیا تھا تاہم حالیہ دنوں میں پیدا ہونے والی سیاسی صورتحال کے باعث ایران کی شرکت غیر یقینی بن گئی ہے ۔ایرانی فٹبال فیڈریشن کے سربراہ مہدی تاج نے کہا کہ موجودہ حالات میں ورلڈ کپ میں شرکت مشکل دکھائی دیتی ہے ۔ دوسری جانب فیفا کے صدر گیانی انفنٹینو نے اس سے قبل کہا تھا کہ انہیں امریکی صدر کی جانب سے یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ ایرانی ٹیم کو ٹورنامنٹ میں خوش آمدید کہا جائے گا، کیونکہ فٹبال دنیا کو جوڑنے کا ذریعہ ہے ۔