فیصل آباد : گھر یلو جھگڑے پر اہلیہ اور 2 بیٹیوں کو قتل کر دیا

فیصل آباد : گھر یلو جھگڑے پر اہلیہ اور 2 بیٹیوں کو قتل کر دیا

راج گیرجاویدمعاشی حالات سے تنگ تھا، اہلیہ صائمہ ،بیٹی عائشہ،ام حبیبہ کو سوتے میں گولیاں ماریں ملزم موقع سے فرار ،آر پی او کا نوٹس ملزم کی فوری گرفتاری کا حکم ، پولیس نے شواہد اکٹھے کر لئے

فیصل آباد ،مکوآنہ(سٹی رپورٹر، نمائندہ دنیا)گھریلو ناچاقی کے باعث افسوسناک واقعہ ،شوہر نے فائرنگ کر کے اپنی اہلیہ اور دو بیٹیوں کو قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہو گیا۔تھانہ کھرڑیانوالہ کے علاقے مکوآنہ کے قریب واقع علی گارڈن کے رہائشی جاوید اقبال نے گھریلو جھگڑے پر طیش میں آ کرسوئی ہوئی خواتین پر فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں اس کی 37 سالہ اہلیہ صائمہ بی بی، 13 سالہ بیٹی عائشہ بی بی اور  17 سالہ بیٹی ام حبیبہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاشوں کو تحویل میں لے کر ضروری کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا۔

آر پی او فیصل آباد سہیل اختر سکھیرا نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزم کی فوری گرفتاری اور سخت قانونی کارروائی کے احکامات جاری کر دئیے ہیں۔ پولیس ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے ، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے ۔ نمائندہ دنیا کے مطابق جاوید اقبال راج گیری کا کام کرتاتھااورمبینہ طورپرمعاشی حالات سے بھی تنگ تھا،پولیس کی بھاری نفری اور پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں