عمران کی صحت ، فیملی پر سیاست نہیں ہونی چاہیے :پرویز الٰہی
لاہور(سیاسی نمائندہ، نیوز ایجنسیاں)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر وسابق وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ عید الاضحی صبر، اتحاد، برداشت اور انسانیت کی خدمت کا درس دیتی ہے۔
پاکستان اس وقت سیاسی استحکام، معاشی بحالی اور قومی یکجہتی کے نازک دور سے گزر رہا ہے ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کو مضبوط بنانے کے لیے برداشت، مکالمے اور آئین کی بالادستی ضروری ہے ، نفرت اور انتقام کی سیاست کسی کے مفاد میں نہیں۔ قومی ہم آہنگی اور سیاسی استحکام ہی ترقی کی ضمانت ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی صحت اور فیملی کے معاملات پر سیاست نہیں ہونی چاہیے ۔ پی ٹی آئی عمران خان کے وژن کے مطابق سیاسی جدوجہد جاری رکھے گی، حکومت کو چاہیے کہ ایسا ماحول بنائے جسے لوگ اچھے الفاظ میں یاد رکھیں، پاکستان کو ایسا نظام چاہیے جہاں نوجوانوں کو امید، سرمایہ کاروں کو اعتماد اور ہر شہری کو انصاف ملے ، پرویزالٰہی نے کہا کہ ہمارے قائد محمد علی جناح نے کہا تھا کہ ہم اسرائیل کو کبھی تسلیم نہیں کریں گے یہ فتنہ ہے ، حکومت اپنے ذہن میں یہ بٹھا لے کہ اگر اسرائیل کو تسلیم کیا تو عوام پھر سڑکوں پر ہو ں گے ۔