ڈیرہ مراد جمالی، جھل مگسی ، ڈیرہ بگٹی میں فائرنگ، 5افراد ہلاک

ڈیرہ مراد جمالی، جھل مگسی ، ڈیرہ بگٹی میں فائرنگ، 5افراد ہلاک

پیرکوہ میں امن فورس کمانڈر کے گھر پرنامعلوم افراد کی فائرنگ،ہینڈ گرنیڈ حملہ میر مہک خان نوسانی بگٹی جاں بحق، ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار

ڈیرہ مراد جمالی (نامہ نگار) ڈیرہ مراد جمالی، جھل مگسی، ڈیرہ بگٹی اور فلیجی میں فائرنگ اور دیگر واقعات کے دوران 5 افراد جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔پولیس کے مطابق ڈیرہ بگٹی کے علاقے پیرکوہ میں نامعلوم مسلح افراد نے امن فورس کے مقامی کمانڈر جان محمد نوسانی کے گھر پر شدید فائرنگ کی ، ہینڈ گرنیڈ سے حملہ کیا ، جس کے نتیجے میں معروف قبائلی شخصیت میر مہک خان نوسانی بگٹی جاں بحق ہوگئے ۔ اطلاع ملنے پر پولیس اور سکیورٹی فورسز موقع پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کردی۔ لاش کو ضروری کارروائی کے بعد قادرآباد  ہسپتال سے ورثا کے حوالے کر دیا گیا۔ادھر سوئی کے علاقے لنجو صفاری شاخ نمبر چار اور پانچ کے درمیان مسلح افراد کی فائرنگ سے جعفری خان سندھی جاں بحق ہوگیا، جو پیشے کے اعتبار سے قلفی فروش تھا۔

پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر ہسپتال منتقل کر دیا۔ڈیرہ مراد جمالی کے قریب ٹریکٹر چھیننے کے واقعے میں پولیس، ڈاکوؤں اور مالکان کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں مقامی زمیندار میر الطاف حسین عمرانی گولی لگنے سے جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک مبینہ ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق زخمی ملزم کا تعلق کھوسو قوم سے ہے اور وہ سندھ کا رہائشی ہے جبکہ اس کے ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ، جن کی تلاش کیلئے کارروائیاں جاری ہیں۔نصیرآباد کے علاقے فلیجی میں دیوار گرنے کے واقعے میں برکت علی منگریو ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگیا۔ لاش کو ٹیچنگ ہسپتال منتقل کر کے ورثا کے حوالے کر دیا گیا۔دوسری جانب جھل مگسی کے علاقے گھاڑ میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، پولیس نے لاش کو ڈی ایچ کیو ہسپتال گنداواہ منتقل کر کے مقدمہ درج کر لیا جبکہ ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں