کے ای کا سائٹ صنعتوں کیلئے فیڈرز اپ گریڈ کرنیکااعلان
11 کے وی اے کو مرحلے وار 33 کے وی اے لائنز سے تبدیل کیا جائیگا بجلی چوری کے خاتمے کیلئے متعلقہ حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں ،سید محمد طحہ
کراچی(بزنس ڈیسک)چیف ایگزیکٹو آفیسر کے الیکٹرک سید محمد طحہٰ نے سائٹ صنعتی ایریا میں بجلی چوری اور غیر قانونی کنڈوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا عندیہ دیتے ہوئے صنعتی فیڈرز کی اپ گریڈیشن اور انفرااسٹرکچر کی بہتری سمیت سائٹ کے صنعتکاروں کے دیرینہ مسائل جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔انہوں نے یہ بات سینئر افسران کے ہمراہ سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے دورے کے موقع پر ممبران سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔سید محمد طحہٰ نے کہا کہ کے الیکٹرک میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، آؤٹیج مینجمنٹ سسٹم کی بہتری، الیکٹرانک مانیٹرنگ اور ڈسٹری بیوشن انفرااسٹرکچر کی مرحلہ وار اپ گریڈیشن پر کام جاری ہے جبکہ ملٹی ایئر ٹیرف (ایم وائی ٹی) کا معاملہ بھی رواں سال ستمبر تک حل کر لیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ غیر قانونی بجلی کنکشنز اور بجلی چوری کے خاتمے کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور متعلقہ حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں تاکہ سسٹم کو مستحکم اور بجلی کی منصفانہ تقسیم یقینی بنائی جاسکے ۔ انہوں نے بتایا کہ صنعتی علاقوں کے اہم فیڈرز اور پی ایم ٹی زونز میں انفرااسٹرکچر اپ گریڈیشن کو ترجیح دی جائے گی جبکہ ہنگامی فالٹس اور تکنیکی خرابیوں کے ازالے کیلئے رسپانس ٹائم بھی بہتر بنایا جائے گا۔سی ای او نے کہا کہ 11 کے وی اے ٹرانسمیشن لائنز کو مرحلے وار 33 کے وی اے لائنز سے تبدیل کیا جائے گا۔ سائٹ ایسوسی ایشن کے قائم مقام صدر احمد ذوالفقار چوہدری نے کہا کہ سید محمد طحہٰ نے بطور سی ای او پی ایس او اپنی بہترین صلاحیتوں کا لوہا منوایا اور توقع ہے کہ ان کی قیادت میں صنعتوں اور کے الیکٹرک کے درمیان روابط مزید بہتر ہوں گے۔