تیزی سے وزن کم کرنا آہستہ ڈائٹنگ سے زیادہ مؤثر قرار
لندن(نیٹ نیوز)یورپی کانگریس آن اوبیسٹی میں پیش کی گئی ایک نئی طبی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ تیزی سے وزن کم کرنا طویل مدت میں روایتی آہستہ اور مستقل ڈائٹنگ کے مقابلے میں زیادہ مؤثر ثابت ہو سکتا ہے ۔
ٍ52 ہفتوں پر مشتمل اس کلینیکل ٹرائل میں 284 زائد وزن اور موٹاپے کا شکار افراد کو شامل کیا گیا، جنہیں دو گروپس میں تقسیم کیا گیا، ایک گروپ نے تیزی سے وزن کم کرنے والی ڈائٹ اپنائی جبکہ دوسرے نے بتدریج وزن کم کرنے کا طریقہ اختیار کیا۔ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ تیزی سے وزن کم کرنے والے افراد نے ابتدائی 16 ہفتوں میں اپنے جسمانی وزن کا تقریباً 13 فیصد کم کیا، جبکہ بتدریج ڈائٹنگ کرنے والوں میں یہ شرح صرف 8 فیصد سے کچھ زائد رہی۔سائنسدانوں نے یہ بھی دریافت کیا کہ جن افراد نے تیزی سے وزن کم کیا، وہ ایک سال بعد بھی نسبتاً زیادہ وزن کم رکھنے میں کامیاب رہے ۔