کارانداز کی ٹیپ سِس کے ساتھ شراکت داری قائم
10ہزار تاجروں میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کے استعمال کو فروغ دیاجائے گا
کراچی(بزنس ڈیسک)کارانداز پاکستان نے اپنے راست مرچنٹس آن بورڈنگ اینڈ فیسی لٹیٹنگ انٹیٹیز پروگرام کے تحت ٹیپ سِس (Tapsys)کے ساتھ شراکت داری قائم کر لی ہے جس کا مقصد پاکستان بھر میں 10 ہزار تک مائیکرو اور چھوٹے تاجروں میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کے استعمال کو فروغ دینا ہے ۔ اس شراکت کے تحت تاجروں کی آن بورڈنگ، ایکٹیویشن اور اسمارٹ ساؤنڈ باکس ٹیکنالوجی کے استعمال پر توجہ دی جائے گی جو مقامی زبانوں میں فوری آڈیو ٹرانزیکشن تصدیق فراہم کرے گی۔بنیادی سطح پر یہ اقدام ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ میں حائل عملی رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے تیار کیا گیا ہے جن میں ڈیجیٹل ٹولز سے محدود آگاہی اور مصروف کاروباری ماحول میں فوری اور قابلِ اعتماد ادائیگی تصدیق کی ضرورت شامل ہے ۔ اس تعاون کے ذریعے کارانداز اور ٹیپ سِس کا مقصد ڈیجیٹل ادائیگیوں کے انفرااسٹرکچر کو تاجروں کے روزمرہ کاروباری استعمال میں تبدیل کرنا ہے ، خصوصاً ایسے علاقوں میں جہاں ڈیجیٹل مالیاتی سہولیات کی رسائی محدود ہے۔
ٹَیپ سِس، ایک ڈیجیٹل پیمنٹس انیبلمنٹ کمپنی ہے اور 85 شہروں میں خدمات انجام دے رہی ہے ،جوTier 2 اورTier 3 کی مارکیٹوں میں تاجروں کیلئے ادائیگیوں کے فروغ میں مہارت رکھتی ہے ۔ اس شراکت کے تحت کمپنی اپنی پے ایپ پلیٹ فارم اور آن گراؤنڈ مہارت کو بروئے کار لاتے ہوئے راست سے منسلک تاجروں کیلئے ادائیگیوں کی سہولت کو وسعت دے گی۔ کارانداز پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وقاص الحسن نے کہا کہ ٹیپ سِس کے ساتھ ہماری شراکت ‘کیش لیس پاکستان’ کے قومی وژن سے ہم آہنگ ہے اور اس کا مقصد تاجروں کی سطح پر اعتماد اور استعمال سے متعلق رکاوٹوں کو دور کرنا ہے ۔ ٹیپ سِس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کریم جندانی نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ اُن طبقات کیلئے ڈیجیٹل ادائیگیوں کو آسان بنایا جائے جو روایتی طور پر اس سہولت سے محروم رہے ہیں۔