جیولرز کیلئے خصوصی طریقہ کار برائے انکم ٹیکس 2026پیش
مقصدکے کاروبار کو آسان، شفاف اور دستاویزی بنانا ہے ،قاسم شکارپوری
کراچی(بزنس رپورٹر)آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن نے جیولرز برادری کیلئے خصوصی طریقہ کار برائے انکم ٹیکس 2026پیش کر دیا جس کا مقصد ملک بھر میں زیورات کے کاروبار کو آسان، شفاف اور دستاویزی بنانا ہے ۔ ایسوسی ایشن کے صدر قاسم شکارپوری کے مطابق یہ مجوزہ نظام انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کی دفعہ 99سی کے تحت ترتیب دیا گیا ہے جسکے ذریعے جیولرز کو ٹرن اوور کی بنیاد پر ایک سادہ اور واضح ٹیکس ڈھانچہ فراہم کیا جائے گا۔ نئے طریقہ کار کے تحت زرگر، ریٹیلرز، مینوفیکچررز اور بلین ڈیلرزکیلئے الگ الگ فائنل ٹیکس شرح مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ،اس کے ساتھ جیولرز کیلئے ریٹرن فائلنگ کا عمل بھی نہایت سادہ بنایا جائے گاجبکہ اسٹاک کی تفصیل صرف گرام یا تولہ کی بنیاد پر ظاہر کرنے کی اجازت ہوگی جس سے سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے باعث ویلیوایشن کے پیچیدہ مسائل سے بچا جا سکے گا۔