دوسرا ون ڈے پاکستان کے نام بنگلادیش کو 128 رنز سے شکست

دوسرا ون ڈے پاکستان کے نام بنگلادیش کو 128 رنز سے شکست

پاکستان نے بنگلہ دیش کو 274 رنز کا ہدف دیا،جواب میں بنگلہ دیش کی ٹیم 114 رنز پر ڈھیر ہوگئی،معاذ مین آف دی میچ قرار بنگلہ دیش کی بیٹنگ میں بارش کی وجہ سے میچ روکا گیا ،دوبارہ ڈی ایل ایس کے تحت بنگلہ دیش کو 32 اوورز میں 243 کا ہدف ملا

ڈھاکہ(سپورٹس ڈیسک)تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 128 رنز کے بھاری مارجن سے ہرا دیا۔میرپور میں بنگلہ دیش کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان نے بنگلہ دیش کو 274 رنز کا ہدف دیا۔ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 114 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔بنگلہ دیش کی بیٹنگ کے دوران بارش کی وجہ سے میچ روک دیا گیا تھا۔ جب میچ دوبارہ شروع ہوا تو ڈی ایل ایس کے تحت بنگلہ دیش کو جیت کیلئے 32 اوورز میں 243 کا ہدف دیا گیا۔قبل ازیں پاکستان کی ٹیم 48 ویں اوور میں 274 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔ معاذ صداقت 75 اور سلمان علی آغا 64 رنز بنا کر نمایاں رہے ۔بنگلہ دیش کی جانب سے رشاد حسین نے تین اور مہدی حسن مرزا نے دو وکٹیں حاصل کیں۔گرین شرٹس کی جانب سے صاحبزادہ فرحان اور معاذ صداقت نے اننگز کا آغاز کیا تو اپنا دوسرا ون ڈے انٹرنیشنل کھیلنے والے معاذ نے چوکوں چھکوں کی برسات کر دی۔

انہوں نے 31 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی اور ان کی صاحبزادہ فرحان کے ساتھ 100 رنز کی شراکت داری بھی بنی۔ معاذ صداقت 46 گیندوں پر 75 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو اس کے بعد میچ کا مومینٹم ہی بدل گیا۔ صاحبزادہ فرحان 31 رنز بنا کر پویلین لوٹے تو اپنی سلیکشن کی وجہ سے شدید تنقید کی زد میں آنے والے ، شامل حسین اس میچ میں بھی ناکام رہے ۔ آغا 64 رنز بنا کر بدقسمتی سے رن آؤٹ ہو گئے اور پوری ٹیم 48 ویں اوور میں پویلین روانہ ہو گئی۔ میرپور میں ہی پہلے میچ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو تمام شعبوں میں آؤٹ کلاس کرتے ہوئے آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی تھی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں