سابق سینیٹر مشتاق احمد اسرائیل کی قید سے رہا، اسحاق ڈار کی تصدیق
اسلام آباد :(دنیا نیوز) سابق سینیٹر مشتاق احمد خان کو اسرائیلی فورسز نے رہا کردیا، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے تصدیق کر دی۔
وفاقی دارالحکومت سے جاری اپنے ایک بیان میں اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ مشتاق احمد خان کو اسرائیلی افواج نے غیر قانونی طور پر حراست میں لیا تھا جن کی رہائی کے لیے یونانی حکام کی سہولت کاری پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ مشتاق خان کی استنبول واپسی اور پاکستان روانگی پر ترک قیادت کے مشکور ہیں، وزارتِ خارجہ اور ایتھنز میں پاکستانی سفارت خانے کا بروقت ردِعمل قابلِ ستائش ہے۔
نائب وزیراعظم و وزیرخزانہ کا کہناتھا کہ اسرائیل کی جانب سے انسانی ہمدردی کے کارکنوں کی حراست کی شدید مذمت کرتے ہیں، غزہ کے محصور عوام کے لیے امداد میں رکاوٹ ڈالنا ناقابلِ قبول ہے۔
اسحاق ڈار کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اپنے فلسطینی بھائیوں کی غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گا، سابق سینیٹر مشتاق احمد کی رہائی کی خبر دیتے ہوئے خوشی محسوس کر رہا ہوں۔