بلاول بھٹو کی آج پریس کانفرنس میں تضاد اور دہرا معیار نظر آیا: عطا تارڑ

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول بھٹو کی آج کراچی میں ہونے والی پریس کانفرنس میں تضاد اور دہرا معیار بھی نظر آیا۔

وفاقی دارالحکومت سے جاری اپنے بیان میں عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ عوام کی فلاح و بہبود اور گورننس کی بہتری سے متعلق بحث کو نہیں روکا جا سکتا، آخر عوام کیا چاہتے ہیں، اس کا فیصلہ میں نے یا آپ نے نہیں بلکہ عوام نے کرنا ہے۔

اُنہوں  نے کہا کہ عوام اچھی اور بہترین حکومت چاہتے ہیں، ہم خود کو سسٹم کی کمزوریوں سے الگ نہیں رکھ سکتے، ملک میں گڈ گورننس کے حوالے سے بحث جاری ہے اور عوام کی رائے کو مقدم رکھا جانا چاہیے۔

وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات نے سوال اٹھایا کہ کیا لوگوں کو گورننس کی بہتری کے لیے بات کرنے سے روک دیا جائے؟

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ ریفرنڈم آئین کا حصہ اور ایک آئینی طریقہ کار ہے، اس میں کیا حرج ہے؟ جب عوامی رائے سامنے آئے گی تو یہ کوئی چور دروازہ نہیں ہوگا، ریفرنڈم کے معاملے میں عوام کا بہترین مفاد مدنظر رکھا جائے گا۔

اُنہوں نے بلاول بھٹو کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ فساد کی بات کرنے کے بجائے عوام کی مرضی کی بات کریں، آئیں، عوام کی بہتری کے لیے مل بیٹھ کر فیصلہ کریں۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کا مزید کہنا تھا کہ بیک وقت حکومت کے مزے لینا اور اپوزیشن کرنا کیا کھلا تضاد نہیں؟ عوام ہی آخری فیصلہ ساز ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...