نوجوان کی ہلاکت کے کیس میں ٹریفک اہلکار کی عبوری ضمانت مسترد

لاہور: (محمد اشفاق) لاہور ہائیکورٹ نے شادمان میں موٹر سائیکل سوار کو روکنے کی کوشش کے دوران نوجوان کی ہلاکت کے مقدمے میں نامزد ٹریفک پولیس اہلکار سلطان الحق کی عبوری ضمانت کی درخواست مسترد کر دی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سردار اکبر علی نے ٹریفک اہلکار سلطان الحق کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔ دورانِ سماعت درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ موٹر سائیکل سوار محمد زین بغیر ہیلمٹ تیز رفتاری سے موٹر سائیکل چلا رہا تھا۔

درخواست گزار کے وکیل کا کہنا تھا اسے روکنے کی کوشش کے دوران موٹر سائیکل سوار نے لاپرواہی سے ٹریفک اہلکار کو ٹکر ماری، جس کے نتیجے میں دونوں زخمی ہوئے۔

وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ محمد زین کی ہلاکت ایک حادثہ تھی اور عدالت سے عبوری ضمانت کی توثیق کی استدعا کی۔

دوسری جانب اسسٹنٹ ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل پنجاب رانا محمد آصف اقبال نے عدالت کو بتایا کہ 26 اگست کو ٹریفک اہلکار نے سڑک کے درمیان جا کر محمد زین کو دھکا دیا۔

انہوں نے کہا کہ زین موٹر سائیکل سے گر کر شدید زخمی ہوا اور اس کے سر کی ہڈی ٹوٹ گئی، محمد زین ہسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد یکم ستمبر 2026 کو دم توڑ گیا۔

پراسیکیوٹر نے بتایا کہ مقتول کے لواحقین کی جانب سے مقدمہ درج نہ ہونے پر تسلیم بی بی نے استغاثہ دائر کیا۔

استغاثہ نے مؤقف اختیار کیا کہ محمد زین کی موت حادثہ نہیں بلکہ قتل کا واقعہ ہے، فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے ٹریفک پولیس اہلکار سلطان الحق کی عبوری ضمانت کی درخواست خارج کر دی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...