پاکستان اور ترکمانستان کا تجارت و توانائی میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور ترکمانستان کے وزیر خارجہ رشید میریدوف کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا گیا اور زیر التوا مسائل کے حل پر زور دیا گیا۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور ترکمانی وزیر خارجہ رشید میریدوف کے درمیان یہ ملاقات پاکستان اور ترکمانستان کے مشترکہ بین الحکومتی کمیشن کے چھٹے اجلاس سے قبل ہوئی۔

وزرائے خارجہ نے پاکستان اور ترکمانستان کے دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کا جائزہ لیا اور تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، علاقائی روابط اور عوامی سطح پر تبادلوں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلۂ خیال کیا۔

اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے علاقائی صورتحال پر بھی اپنے خیالات کا تبادلہ کیا۔

نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اس بات پر زور دیا کہ زیرِ التوا مسائل کے حل اور خطے میں پائیدار امن و استحکام کے قیام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری ہی واحد قابلِ عمل راستہ ہیں۔

ترکمانستان کے وزیرِ خارجہ رشید اووزگلدیویچ میریدوف نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار اور مسلسل سفارتی کوششوں کو سراہا۔

بعدازاں پاکستان ترکمانستان مشترکہ بین الحکومتی کمیشن کے چھٹے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان دوستانہ تعلقات باہمی احترام پر مبنی ہیں، مشترکہ تاریخی روابط اور علاقائی خوشحالی کے مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں، پاکستان ترکمانستان کے ساتھ مضبوط اور دیرینہ دوستانہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مشترکہ بین الحکومتی کمیشن دوستی کو مضبوط معاشی شراکت داری میں بدلنے کا اہم فورم ہے، دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں، توانائی، ٹرانسپورٹ اور عوامی روابط میں تعاون بڑھانے کے مواقع موجود ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ فیصلوں پر عملدرآمد اور اب تک ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لینے کا موقع ملےگا، مختلف شعبوں میں تعاون آگے بڑھانے کیلئے عملی اقدامات پر اتفاق کیا جائے گا، متعلقہ وزارتیں اور ادارے طے شدہ امور پر پیش رفت کے لئے مؤثر اقدامات کریں۔

ترکمانی وزیر خارجہ

ترکمانی وزیر خارجہ رشید میریدوف نے کہا کہ شاندار میزبانی پر پاکستانی قیادت اور عوام کے تہہ دل سے مشکور ہیں، چھٹے بین الحکومتی اجلاس کے موقع پر پاکستان کی جانب سے پرتپاک استقبال کیا گیا، پاکستان اور ترکمانستان دیرینہ اور دوستانہ تعلقات کی لڑی میں پروئے ہوئے ہیں۔

پاکستان کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں، پاکستان کے ساتھ اعلیٰ سطح کے روابط کے مزید فروغ کیلئے پرعزم ہیں۔

اجلاس کا مقصد باہمی تعاون کے نئے شعبوں کی نشاندہی کرنا ہے، دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی کیلئے مسلسل رابطے ناگزیر ہیں، علاقائی و دوطرفہ امور کے متوازن اور پائیدار حل کے خواہاں ہیں

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...