دبئی میں عالمی مائننگ شو اختتام پذیر، بین الاقوامی سرمایہ کاری اور نئی شراکت داریوں پر خصوصی توجہ

دبئی: (سید مدثر خوشنود) متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں معدنی وسائل، جدید کان کنی اور بین الاقوامی سرمایہ کاری سے متعلق دو روزہ عالمی نمائش دی مائننگ شو 2026ء اختتام پذیر ہوگئی۔

دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں 16 اور 17 نومبر کو منعقد ہونے والے انیسویں ایڈیشن میں معدنی صنعت کے ماہرین، سرمایہ کاروں، ٹیکنالوجی کمپنیوں اور مختلف ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی، نمائش میں معدنی وسائل کے مؤثر استعمال، جدید ٹیکنالوجی اور مستقبل کی عالمی سپلائی چین سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

متحدہ عرب امارات کی وزارت توانائی و انفراسٹرکچر نے عالمی مائننگ شو کے دوران ملک کی معدنی وسائل سے متعلق قومی حکمت عملی کو اجاگر کیا، جس کا مقصد سال 2030ء تک معدنی شعبے کا غیر تیل مجموعی قومی پیداوار میں حصہ پانچ فیصد تک بڑھانا ہے۔

اس حکمت عملی کے تحت معدنی وسائل کی تلاش، جدید پروسیسنگ، سرمایہ کاری اور صنعتی ترقی کے مواقع کو فروغ دینے پر توجہ دی جا رہی ہے تاکہ ملکی معیشت میں تنوع پیدا کیا جا سکے۔

المدثر نیوز ایجنسی کے مطابق عالمی نمائش میں مصنوعی ذہانت، جدید معدنی ٹیکنالوجی، ماحول دوست کان کنی، معدنی سپلائی چین اور بین الاقوامی تجارت سے متعلق مختلف منصوبوں اور کاروباری مواقع پر گفتگو ہوئی۔

ماہرین نے معدنی وسائل کی بڑھتی ہوئی عالمی طلب اور جدید صنعتی ضروریات کے پیش نظر نئی سرمایہ کاری اور تکنیکی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ کان کنی کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال پیداواری صلاحیت بہتر بنانے اور ماحولیاتی اثرات کم کرنے کے اہم اقدامات میں شامل ہے۔

متحدہ عرب امارات معدنی وسائل کی پروسیسنگ، تجارت اور صنعتی سرمایہ کاری کے لیے علاقائی مرکز کی حیثیت کو مضبوط بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔

حکومتی حکمت عملی کے تحت معدنی شعبے میں نئی بین الاقوامی شراکت داریوں، سرمایہ کاری کے مواقع اور جدید صنعتی منصوبوں کو فروغ دینے پر توجہ دی جا رہی ہے، دو روزہ عالمی مائننگ شو نے معدنی صنعت کے مستقبل اور متحدہ عرب امارات کی غیر تیل معیشت میں اس شعبے کے بڑھتے ہوئے کردار کو نمایاں کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...