روس کے مفادات نظرانداز کرکے امن مذاکرات نہیں ہو سکتے، روسی وزارت خارجہ

ماسکو: (شاہد گھمن) روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زخارووا نے کہا ہے کہ یورپی ممالک یوکرین تنازع کے حل کے لیے امن مذاکرات پر صرف اسی صورت میں بات کرنے کو تیار ہیں جب روس کے مفادات کو پہلے ہی نظرانداز کردیا جائے، تاہم روس اس قسم کے مذاکرات کو قبول نہیں کرے گا۔

روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زخارووا نے جرمن وزیر خارجہ یوہان وادیفول کے حالیہ بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ان کے خیالات یورپ کی اسی پالیسی کی عکاسی کرتے ہیں جس کے تحت امن مذاکرات میں روس کے مفادات کو اہمیت نہیں دی جاتی۔

جرمن وزیر خارجہ یوہان وادیفول نے روس کے ساتھ امن کے معاملے پر بامقصد مذاکرات شروع کرنے کے لیے آمادگی ظاہر کی تھی۔

جرمن وزیر خارجہ کے مطابق روس کو یہ سمجھنا چاہیے کہ یوکرین تنازع میں میدان جنگ میں کامیابی حاصل کرنا ممکن نہیں اور اس مسئلے کا مذاکرات کے ذریعے جلد از جلد حل تلاش کرنا ضروری ہے۔

ماریہ زخارووا نے ٹیلی گرام پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ جرمن وزیر خارجہ کے بیانات ایک ہی سوچ کو دہراتے ہیں کہ یورپ امن کے بارے میں صرف اسی صورت میں بات کرنے کو تیار ہے جب روس کے مفادات کو پہلے ہی ایک طرف رکھ دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ایسا نہیں ہوگا کیونکہ یہ مذاکرات نہیں بلکہ سفارتی زبان میں لپیٹا گیا ایک الٹی میٹم ہے اور اس قسم کی سوچ کسی نتیجے تک نہیں پہنچ سکتی۔

روسی وزارت خارجہ کی ترجمان نے یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی کے اس بیان کا حوالہ دیا جس میں انہوں نے جرمنی کو یوکرین کا سب سے بڑا دفاعی شراکت دار قرار دیا تھا۔

ماریہ زخارووا کے مطابق جرمن وزیر خارجہ یوہان وادیفول نے بتایا ہے کہ جرمنی 2022 سے اب تک یوکرین کو صرف فوجی امداد کی مد میں 55 ارب یورو فراہم کرچکا ہے تاکہ وہ کیف کا سب سے بڑا معاون ملک بنا رہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ رقم انسانی ہمدردی کے پروگراموں یا یوکرین کی تعمیر نو کے لیے نہیں بلکہ ایسے ہتھیاروں کے لیے فراہم کی گئی ہے جو روسی شہروں اور شہری آبادی کے خلاف استعمال ہورہے ہیں۔

ماریہ زخارووا نے الزام عائد کیا کہ جرمنی کی فراہم کردہ رقم اور فوجی سازوسامان روس کی شہری آبادی کو جان بوجھ کر نشانہ بنانے کے لیے استعمال کیا جارہا ہے۔

روسی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ جرمن وزیر خارجہ یوہان وادیفول اس سے قبل ابوظہبی میں یوکرین کے معاملے پر ہونے والے سہ فریقی مذاکرات کے بارے میں بھی سوالات اٹھا چکے ہیں۔

ماریہ زخارووا کے مطابق نومبر 2026 میں ابوظہبی مذاکرات سے قبل جرمن وزیر خارجہ نے سوال اٹھایا تھا کہ آیا روس واقعی مذاکرات کرنا چاہتا ہے یا یہ محض فوجی کارروائیوں سے توجہ ہٹانے کے لیے ایک نمائشی اقدام ہے۔

روسی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ جرمن وزیر خارجہ کی سفارت کاری کا انداز یہ ہے کہ اگر ماسکو امن کی بات کرتا ہے تو اسے نمائشی اقدام قرار دیا جاتا ہے اور اگر روس خاموش رہتا ہے تو کہا جاتا ہے کہ وہ مذاکرات نہیں چاہتا۔

انہوں نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ جرمنی نے خود مذاکرات سے انکار کیا تھا اور مذاکرات کے امکان کو ماسکو کے لیے رعایت اور یورپی سلامتی کے لیے غلط پیغام قرار دیا تھا۔

ماریہ زخارووا نے کہا کہ جب سابق جرمن چانسلر گیرہارڈ شروڈر کو یورپ کی جانب سے روس کے ساتھ مذاکرات کے لیے نمائندہ مقرر کرنے کا امکان سامنے آیا تو برلن نے اس کی سخت مخالفت کی۔

انہوں نے کہا کہ اس مخالفت کے نتیجے میں یورپ ایک مرتبہ پھر روس کے ساتھ براہ راست مذاکرات کے رابطے سے محروم ہوگیا۔

روسی وزارت خارجہ کی ترجمان کے مطابق یورپی ممالک اس کے باوجود ایسے مذاکراتی طریقہ کار کے تصورات پیش کررہے ہیں جن میں ماسکو سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ یورپی شرائط کو خاموشی سے قبول کرلے گا۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...