عالمی پولیس سربراہی اجلاس اختتامی مرحلے میں داخل، اے آئی اور جدید پولیس ٹیکنالوجی مرکزِ نگاہ
دبئی: (سید مدثر خوشنود) متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں 3 روزہ عالمی پولیس سربراہی اجلاس ورلڈ پولیس سمٹ 2026ء اختتامی مرحلے میں داخل ہوگیا۔
دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں 16 سے 18 نومبر تک منعقد ہونے والے اجلاس کے پانچویں ایڈیشن میں انٹرپول، اقوام متحدہ اور دنیا بھر کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلیٰ حکام، پولیس سربراہان اور سکیورٹی ماہرین نے شرکت کی، اجلاس میں 220 سے زائد عالمی رہنماؤں اور ماہرین کی شرکت کے ساتھ جدید سکیورٹی ٹیکنالوجی اور بین الاقوامی پولیس تعاون پر خصوصی توجہ دی گئی۔
ورلڈ پولیس سمٹ کے دوران مصنوعی ذہانت، سائبر جرائم، ڈیجیٹل فارنزک، ڈرون ٹیکنالوجی، منظم جرائم، مالیاتی فراڈ اور سرحدی سکیورٹی سمیت مختلف موضوعات پر خصوصی سیشنز منعقد کیے گئے۔
کانفرنس سے منسلک بین الاقوامی نمائش میں 170 نمائش کنندگان نے جدید پولیس ٹیکنالوجی، نگرانی کے نظام اور جرائم کی روک تھام کیلئے تیار کردہ جدید آلات اور ڈیجیٹل حل پیش کیے، عالمی ماہرین نے بدلتے ہوئے سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی اور معلومات کے تبادلے کی اہمیت پر زور دیا۔
المدثر نیوز ایجنسی کے مطابق عالمی پولیس سربراہی اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی بھی نمایاں رہی، پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے منیجنگ ڈائریکٹر محمد احسن یونس کو 17 نومبر کے سرکاری ایجنڈے میں دو اہم سیشنز کیلئے بطور مقرر شامل کیا گیا تھا۔
پہلے سیشن میں پنجاب کے مربوط ڈیجیٹل حفاظتی نظام اور جدید پولیسنگ ٹیکنالوجی کو پیش کرنے کا پروگرام تھا، جبکہ دوسرے سیشن میں پولیس افسران اور ان کے خاندانوں کی فلاح و بہبود سے متعلق امور زیر بحث آنا تھے، اس شرکت کے ذریعے پاکستان کے جدید پولیسنگ اقدامات کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کا موقع ملا۔
اجلاس میں انٹرپول کی جانب سے غیر قانونی مالیاتی اثاثوں کی نشاندہی اور مختلف ممالک کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان تعاون بڑھانے سے متعلق اقدامات بھی زیر بحث آئے۔
منتظمین کے مطابق سربراہی اجلاس کا مقصد عالمی پولیس اداروں کے درمیان تجربات، معلومات اور جدید ٹیکنالوجی کے تبادلے کو فروغ دینا ہے تاکہ منظم جرائم، سائبر خطرات اور عوامی تحفظ سے متعلق چیلنجز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔ تین روزہ عالمی اجلاس 18 نومبر کو اختتام پذیر ہوگا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments