اسحاق ڈار سے صدر عالمی ریسکیو کمیٹی کی ملاقات، انسانی ہمدردی کے امور پر تبادلہ خیال
اسلام آباد: (دنیا نیوز) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈیوڈ ملی بینڈ نے ملاقات کی۔
وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق ملاقات میں پاکستان میں ادارے کی سرگرمیوں، انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد اور علاقائی و عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ ڈیوڈ ملی بینڈ نے نائب وزیراعظم کو پاکستان میں انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی کی جاری سرگرمیوں اور منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی، اس موقع پر اسحاق ڈار نے پاکستان کے ساتھ ادارے کی دیرینہ شراکت داری اور انسانی ہمدردی کے تحت فراہم کی جانے والی امداد کو سراہا۔
— Ministry of Foreign Affairs - Pakistan (@ForeignOfficePk) November 17, 2026
دوسری جانب نائب وزیراعظم نے موسمیاتی تبدیلی کے باعث پیدا ہونے والے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عالمی تعاون کو مسلسل جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا اور پاکستان میں انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی کی سرگرمیوں کے تسلسل کا خیرمقدم کیا۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی صورتحال، بالخصوص دنیا بھر میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کی موجودہ صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
مزید برآں دونوں جانب سے انسانی ہمدردی کے چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے عالمی برادری کی مسلسل شمولیت اور تعاون کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments