فلائی دبئی نے ریاض اور ابہا کیلئے پروازوں کی منسوخی میں 27 نومبر تک توسیع کر دی
دبئی: (سید مدثر خوشنود) متحدہ عرب امارات کی فضائی کمپنی فلائی دبئی نے سعودی عرب کے شہروں ریاض اور ابہا کیلئے پروازوں کی منسوخی میں 27 نومبر تک توسیع کر دی، جبکہ دمام کیلئے پروازیں محدود شیڈول کے تحت بحال کر دی گئی ہیں۔
فلائی دبئی کے ترجمان کے مطابق خطے کی موجودہ صورتحال کے باعث سعودی عرب کیلئے پروازوں کے شیڈول میں مزید خلل پڑنے کا خدشہ ہے، ایئرلائن ریاض اور ابہا کیلئے اپنی پروازیں 27 نومبر تک معطل رکھے گی، جبکہ دمام کیلئے فضائی آپریشن محدود پروازوں کے ساتھ جاری رہے گا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ایئرلائن علاقائی صورتحال کا مسلسل جائزہ لے رہی ہے اور پروازوں کے شیڈول میں کسی بھی تبدیلی سے مسافروں کو اپنے سرکاری مواصلاتی ذرائع کے ذریعے آگاہ کیا جائے گا۔
ایئرلائن نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سفر سے قبل اپنی پروازوں کی صورتحال باقاعدگی سے چیک کریں اور اپنے رابطہ نمبرز کی تفصیلات تازہ رکھیں تاکہ انہیں بروقت اطلاعات موصول ہوسکیں۔
دوسری جانب ابوظہبی کی فضائی کمپنی اتحاد ایئرویز نے بھی سعودی عرب کے شہروں ریاض اور دمام کیلئے مسافر اور کارگو پروازوں کی معطلی میں 30 نومبر تک توسیع کر دی ہے۔
اتحاد ایئرویز کے مطابق ابوظہبی سے سعودی عرب کے دیگر شہروں کیلئے پروازیں معمول کے مطابق جاری رہیں گی، تاہم علاقائی صورتحال کے پیش نظر ان کے شیڈول میں بھی تبدیلی کا امکان موجود ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments