باجوڑ میں خوارج کے کرکٹ گراؤنڈ پر حملے میں 3 شہری زخمی
باجوڑ: (دنیا نیوز) فتنہ الخوارج کی بلا اشتعال جارحیت ،خیبرپختونخوا کی شہری آبادی پربزدلانہ حملوں کا تسلسل جاری ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق باجوڑ کے علاقے ماموند کی تحصیل شاہی تنگی میں خوارج کی جانب سے کرکٹ گراؤنڈ پر کواڈ کاپٹر سے حملہ کیا گیا جس کے نتیجہ میں3افراد زخمی ہوئے، شرپسندوں کے بزدلانہ حملے میں زخمی افراد کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر باجوڑ
دوسری جانب ڈپٹی کمشنر باجوڑ کی حالیہ پریس ریلیز کے مطابق مارچ اور اپریل 2026کے دوران افغانستان کی جانب سے باجوڑ کے مختلف سرحدی علاقوں میں بالخصوصی ماموند اور سلارزئی میں ماٹر گولے فائر کیے گئے۔
اُن کا کہنا تھا کہ افغان طالبان کی باجوڑ میں سول آبادی پر فائرنگ سے 9افراد شہید ہوئے جن میں 3خواتین اور 6 معصوم بچے شامل ہیں۔
مقامی ذرائع
مقامی ذرائع کے مطابق فتنہ الخوار ج نے دانستہ طور پر اس وقت حملہ کیا جب کرکٹ گراؤنڈ میں کھیل جاری تھا ، دہشت گردوں اپنے مذموم مقاصد کے حصول اور عوام میں خوف و دہشت پھیلانے کیلئے کواڈ کاپٹرز کا عام عوام پر استعمال کرتے ہیں جس کے کئی ویڈیو شواہد بھی موجود ہیں۔
ماہرین کے مطابق
ماہرین نے کہا کہ فتنہ الخوارج نہتے عوام کو اس لیے نشانہ بنا رہے ہیں کہ وہ سکیورٹی فورسز کا مقابلہ کرنے سے قاصر ہیں، شہری آبادی کو مسلسل نشانہ بنانے کی وجہ سے عوام کے اندر ملک دشمنوں کے لیے نفرت گہری اور شدید ہوتی جا رہی ہے۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز کی جانب سے فتنہ الخوارج اور افغان طالبان رجیم کے حملوں کا مؤثر اور بھرپور جواب دیا جا رہا ہے، سکیورٹی فورسز صرف خوارج اور افغان طالبان کی پوسٹوں اور ان کے معاون انفراسٹرکچر کو نشانہ بناتی ہیں۔