ملک میں کوئی سیاسی عدم استحکام نہیں، تمام ادارے فعال ہیں: گورنر پنجاب

ڈی آئی خان:(دنیا نیوز) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ ملک میں کوئی سیاسی عدم استحکام نہیں، تمام ادارے فعال ہیں،

ملوٹ آمد پر ایم پی اے آفتاب حیدر اور مخدوم مرید کاظم شاہ کی اہلیہ کی وفات پر تعزیت کے بعد گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار سلیم حیدر خان کا کہنا تھا کہ تقاضا ہے کہ ایسے حالات میں ظالم کے خلاف اٹھ کھڑا ہونے کی ضرورت ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ ملک میں کوئی سیاسی عدم استحکام نہیں، تمام ادارے فعال ہیں، اسمبلی اور سینیٹ اجلاس باقاعدگی سے ہو رہے ہیں، نظام بہتر چل رہا ہے، پاکستان کو آج عالمی سطح پر وہ عزت ملی جو ماضی میں کبھی نہ تھی۔

گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ معیشت کی بہتری پر مزید توجہ دی جائے تو استحکام میں اضافہ ہوگا، بھارت اور اسرائیل پاکستان میں دہشت گردی کی فنڈنگ میں ملوث ہیں، پاک فوج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا، دشمن منتیں کرنے پر مجبور ہوا۔

سردار سلیم حیدر نے کہا کہ افغانستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، اسلحہ ذخائر تباہ کیے، خیبرپختونخوا حکومت عوامی مسائل پر توجہ دے اور وفاق سے حقوق لے کر ترقی کرے، ’’ نیان المرصوص‘‘ پوری قوم کے لیے فخر کا نعرہ اور طاقت کا مظہر ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں