پنجاب یونیورسٹی :12اساتذہ کروڑوں کی سکالرشپ لیکر غائب
لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے ،خبر نگار) پنجاب یونیورسٹی کے 12 اساتذہ کروڑوں روپے کی سکالرشپ لیکر غائب ہوگئے ،اساتذہ سے رقوم کی ریکوری کیلئے پنجاب یونیورسٹی ایف آئی اے کو خط لکھے گی۔
یونیورسٹی ترجمان کے مطابق غائب ہونیوالے اساتذہ کے شناختی کارڈ، پاسپورٹ بلاک کرنے کیلئے پنجاب یونیورسٹی وزارت خارجہ، وزارت داخلہ کو خط بھی لکھے گی۔ یونیورسٹی کے 56 اساتذہ کو بیرون ملک پی ایچ ڈی کیلئے کروڑوں کی گرانٹ ملی،یونیورسٹی کے 7 اساتذہ ایچ ای سی کی سکالرشپ جبکہ 5 اساتذہ یونیورسٹی کی سکالرشپ لیکرغائب ہوگئے ۔قانون کے مطابق تمام اساتذہ کو بیرون ملک پی ایچ ڈی کرنے کے بعد 5 سال یونیورسٹی میں سروس دینی تھی۔ ابتک 56 میں سے 12 اساتذہ نے سکالرشپ لینے کے بعد یونیورسٹی جوائن نہیں کی ۔ جوائن نہ کرنے پر ان اساتذہ کو معاہدے کے مطابق یونیورسٹی کو کروڑوں روپے ادا کرنے تھے مگر وہ غائب ہوگئے ۔پنجاب یونیورسٹی جی آئی ایس سنٹر کی فرح ستار 70 لاکھ ادا کئے بغیر ،جی آئی ایس سنٹر کے محسن علی 1 کروڑ 40 لاکھ ،انسٹیٹیوٹ آف ایڈمنسٹریٹو سائنسز کی کرن عائشہ ایک کروڑ،شعبہ ایم ایم جی کی رابعہ عباد 90 لاکھ،آئی کیو ٹی ایم کے خواجہ خرم خورشید 84 لاکھ،ہیلے کالج آف کامرس کی شمائلہ اسحاق ایک کروڑ 61 لاکھ،سنٹر فار کول ٹیکنالوجی کے عثمان رحیم 72 لاکھ،کالج آف انجینئرنگ کے سلمان عزیز 90 لاکھ، جی آئی ایس کے نواز 72 لاکھ،پی یو سی آئی ٹی کی جویریہ اقبال 60 لاکھ،ایڈمنسٹریٹو سائنسز کی سیماب آرا 1 کروڑاورسامعہ محمود 1 کروڑ 16 لاکھ روپے ادا کئے بغیر غائب ہوگئے ۔ترجمان کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی نے غائب ہونیوالے 12 اساتذہ کو سروس سے برخاست کر دیا ہے ۔