فقیروں کی بھرمار صنعتکارکے ویزاکیلئے مسئلہ :خواجہ آصف
سیالکوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان کی بقا کیلئے کھوئی ہوئی لیڈر شپ کو تلاش کر نے کی ضرورت ہے ،تاجر ملک کے محسن ہیں،ایمانداری سے ملک میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں ۔
سیالکوٹ میں ریڈی میڈ گارمنٹس ایسوسی ایشن کے صنعتکاروں سے خطاب کرتے انہوں نے کہا صنعتکاروں کو ویزامسائل کی بڑی وجہ فقیروں کی بھرمار ہے ، مانگنے والے بیرون ملک جا کر مانگتے ہیں، دیگر ممالک ان وجوہات پر ویزوں کے اجرامیں محتاط رہتے ہیں۔ پاکستان میں دو کروڑ سے زائد فقیر موجود ہیں، ہم سیالکوٹ سے دو بار ان کو سویپ کر چکے ہیں لیکن اب بھی انکی بھرمار ہے ، سعودی عرب میں چھ ہزار افراد مانگنے کیلئے ویزے لیکرگئے ۔ وفاقی وزیر ڈویلپمنٹ اینڈ پلاننگ احسن اقبال نے خطاب میں کہا ہمیں دنیا کے ساتھ چلنے کیلئے اکنامک ریفارمز کی ضرورت ہے ، مارکیٹ میں نئی تبدیلی کیلئے خود کو تیار رکھیں، ایک وقت میں ہر گھر میں قالین تیار کیا جاتا تھا، یہ انڈسٹری آج ختم ہوچکی ہے ۔ اے آئی ٹیکنالوجی سے بہت کچھ بدل جائے گا، ہمیں اس کیلئے فوری ٹاسک فورس بنانا ہو گی نہیں تو پیچھے رہ جائیں گے ۔ ہم نے ہر چیز کو سیاسی کر دیا ہے کوشش ہے کہ صاف پانی کے پلان پر عملدرآمد کریں، صنعتکاروں کو ایکسپورٹ کو چھ بلین ڈالر تک پہنچانے کیلئے 5سالہ سوشل اکنامک پلان تیار کرنا چاہئے تاکہ واضح ہو سکے حکومت آپ کیلئے کیا کر سکتی ہے ۔