جماعت اسلامی کی پُرامن غزہ مارچ کی یقین دہانی، فیض آباد کو ٹریفک کیلئے کھولنے کا فیصلہ

اسلام آباد: (دنیا نیوز) جماعت اسلامی کی فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے پر امن مارچ کی یقین دہانی پر فیض آباد انٹرچینج کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
جماعت اسلامی نے غزہ کے مظلوم مسلمانوں کی حمایت میں آج اسلام آباد میں یکجہتی فلسطین مارچ منعقد کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی نے ایکسپریس وے پر پُرامن مارچ کی یقین دہانی کرائی ہے جس کے بعد فیض آباد کو عام ٹریفک کے لئے کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق رابطہ سڑکیں بند ہونے سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر رہی تاہم جماعت اسلامی کی پرامن احتجاج کی یقین دہانی کے بعد ہیوی مشینری کی مدد سے تمام کنٹینرز ہٹانے کا عمل شروع کر دیا ہے۔
دوسری جانب وفاقی دارالحکومت میں ریڈزون کے داخلی راستوں پر سکیورٹی تاحال انتہائی سخت ہے، ڈی چوک، سرینا چوک کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے، ریڈ زون کے داخلی و خارجی راستوں پر خار دار تاریں اور بیریئرز لگا دیئے گئے ہیں اور کسی بھی غیر قانونی اجتماع پر پابندی ہے۔
دریں اثناء وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، دونوں وفاقی وزرا سے آج اسلام آباد میں یکجہتی فلسطین مارچ کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔
لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ حکومت کو کوئی حق نہیں کہ فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی مارچ کو روکے، جماعت اسلامی کا فلسطین سے اظہار یکجہتی مارچ پرامن ہوگا، حکومت رکاوٹیں کھڑی کرکے پوری دنیا میں رسوا نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اسلام آباد میں یکجہتی فلسطین ریلی روکنے سے اجتناب کرے، فلسطین سے یکجہتی کیلئے کوئی نوگوایریا نہ بنایا جائے۔
لیاقت بلوچ کا مزید کہنا تھا کہ کویت کا اسرائیل سے تعلقات ختم کرنے کا اعلان پوری امت کی ترجمانی ہے۔