شمالی علاقہ جات میں بارش اور برف باری کا الرٹ جاری
اسلام آباد:(دنیا نیوز) این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر(این سی او سی) نے شمالی علاقہ جات میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور برف باری کا الرٹ جاری کر دیا۔
این ڈی ایم اے کے مطابق این سی او سی نے ممکنہ گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کے باعث سیلابی صورتِ حال اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات سے خبردار کر دیا،14 سے 16 مارچ کے دوران گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور بالائی خیبرپختونخوا میں بارش اور برفباری متوقع ہے۔
اِسی طرح گلگت، استور، دیامر، سکردو، ہنزہ، غذر اور شگر میں بارش اور برفباری متوقع ہے، مظفرآباد، باغ، پونچھ، حویلی، کوٹلی، بھمبر اور وادی نیلم میں بارش اور برفباری کا امکان جب کہ چترال، دیر، سوات، کالام اور بٹگرام سمیت متعدد علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب پہاڑی علاقوں میں برفباری کے باعث سڑکوں پر پھسلن اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، برفباری اور بارش سے لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کے خطرات بڑھ سکتے ہیں اور بعض علاقوں میں بجلی کی عارضی بندش اور سفری مشکلات کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ بارش اور درجہ حرارت میں اضافے سے گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کے خطرات میں اضافہ ہو سکتا ہے، چترال، سوات، کوہستان، گلگت، استور اور سکردو کے علاقوں میں گلیشیئر پگھلنے کے باعث اچانک سیلاب کا خطرہ ہے۔
بارش اور برف باری سے قراقرم ہائی وے سمیت پہاڑی سڑکوں پر لینڈ سلائیڈنگ کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے، دیامر، داریل، تانگیر، استور اور ہنزہ کے علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ ہو سکتی ہے جس سے سڑکوں کی بندش اور سفری سرگرمیاں متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم نے اپیل کی ہے کہ سیاح اور مسافر حضرات غیر ضروری سفر سے گریز کریں، پہاڑی اور خطرے سے دوچار علاقوں میں سفر کرتے وقت محتاط رہیں اور حفاظتی اقدامات یقینی بنائیں۔
علاوہ ازیں این ڈی ایم نے مقامی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو پیشگی تیاری اور نگرانی یقینی بنانے کی ہدایت کر دی، شہری بروقت الرٹس کے لیے ’ پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ‘ موبائل ایپ سے راہنمائی لیں۔