ایران خودمختاری کا دفاع جاری رکھے گا، بیرونی دباؤ کے سامنے نہیں جھکے گا: صدر پزشکیان

تہران: (دنیا نیوز) ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران اپنی خودمختاری اور اتحاد کا دفاع جاری رکھے گا، اور کسی بیرونی دباؤ کے سامنے نہیں جھکے گا۔

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے اسرائیل اور امریکا پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ امریکا اور اسرائیل ایران کو کمزور اور تقسیم کرنا چاہتے ہیں، ایران کے خلاف جاری جنگ کا مقصد ملک کو اندرونی طور پر توڑنا ہے۔

ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ خطے کے بڑے اسلامی ممالک کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے، امریکا اور صیہونی حکومت کے خطرناک عزائم واضح ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمہ گیر دفاع کی تیاریوں کے ساتھ عوامی امور منظم کرنا حکومت کی ترجیح ہے، تمام حکومتی اداروں کے درمیان تعاون، ہمدردی اور شرکت ضروری ہے، اسلامی انقلاب کے سپریم لیڈر کی حمایت حکومت کیلئے ایک بڑا اثاثہ ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں