چیف جسٹس 22اپریل کوچین روانہ، مفاہمتی یادداشت پر دستخط متوقع
اسلام آباد(کورٹ رپورٹر) چیف جسٹس پاکستان یحیی آفریدی 22سے 26 اپریل تک اعلیٰ عدالتی وفد کے ہمراہ چین کا سرکاری دورہ کریں گے ، اس دوران جسٹس منصور علی شاہ قائم مقام چیف جسٹس آف پاکستان ہوں گے ۔
سپریم کورٹ اعلا میہ کے مطابق وفد ایس سی او ممبر ممالک کے چیف جسٹسز کی کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کرے گا۔ چیف جسٹس کے ہمراہ جسٹس امین الدین خان، جسٹس شاہد وحید، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج گوادر ظفر جان اور سینئر سول جج لکی مروت نادیہ گل وزیر جائیں گی ،دورے کے دوران سپریم کورٹ آف پاکستان اور سپریم کورٹ آف چین کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط بھی متوقع ہیں۔چیف جسٹس کانفرنس کی سائیڈ لائنز پر اپنے ایرانی ہم منصب سے بھی ملاقات کریں گے ۔ جسٹس شاہد وحید عدلیہ میں مصنوعی ذہانت کے استعمال سے متعلق اجلاس میں خطاب کریں گے ۔اعلا میہ کے مطابق کانفرنس کے بعد چیف جسٹس یحیی آفریدی ترکیہ جائیں گے جہاں وہ آئینی عدالت کی63ویں سالگرہ کی تقریبات میں شرکت کریں گے ، سینئر ترین جج منصور علی شاہ 21 اپریل کو قائم مقام چیف جسٹس کا حلف اٹھائیں گے ۔ جسٹس منیب اختر قائم مقام چیف جسٹس منصور علی شاہ سے حلف لیں گے ۔