امریکی ناکہ بندی کے باوجود 3جہاز آبنائے ہرمز سے گزر گئے

 امریکی ناکہ بندی کے باوجود  3جہاز آبنائے ہرمز سے گزر گئے

تہران (دنیا نیوز)امریکی ناکہ بندی کے باوجود چینی تیل بردار جہاز سمیت 3بحری جہاز آبنائے ہرمز سے گزر گئے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق آبنائے ہرمز سے گزرنے والابحری جہاز چینی ملکیت ہے جس میں چین کا عملہ بھی سوار ہے ، شپنگ ڈیٹا کے مطابق ’’رچ اسٹیری‘‘ ٹینکر ناکہ بندی کے بعد خلیج سے نکلنے والا پہلا جہاز ہے ، ڈیٹا کے مطابق یہ درمیانے درجے کا ٹینکر تقریباً ڈھائی لاکھ بیرل میتھانول لے جا رہا ہے جو متحدہ عرب امارات کی بندرگاہ حمریہ سے لوڈ کیا گیاتھا، دریں اثنا میرین ٹریکنگ کمپنی کپلر کے ڈیٹا کے مطابق ایرانی بندرگاہوں سے روانہ ہونے والے کم از کم 2 جہاز امریکی فوجی ناکہ بندی کے باوجود آبنائے ہرمز سے گزر گئے ،اسرائیلی میڈیا کے مطابق لائبیریا کا پرچم بردار بلک کیریئر ‘کرسٹیانا’ ایرانی بندرگاہ امام خمینی میں مکئی اتارنے کے بعد پیر کو آبنائے ہرمز سے گزرا جبکہ امریکی ناکہ بندی دو گھنٹے قبل نافذ ہو چکی تھی۔اسی طرح کوموروس کا پرچم بردار ٹینکر ‘ایلپس’ بھی پیر کو جزیرہ لارک کے پاس موجود تھا اور بعد میں آبنائے ہرمز عبور کر گیا،ڈیٹا کے مطابق دونوں جہاز ایرانی ساحلی حدود کے قریب سے گزرتے ہوئے اس اہم آبی گزرگاہ سے باہر نکلنے میں کامیاب رہے ،واضح رہے کہ امریکا نے کل شام سے آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی شروع کر دی ہے ، ایک امریکی اہلکار نے الجزیرہ کو بتایا کہ فوج بحری ناکہ بندی کیلئے تیار ہے اور اس کے لئے امریکی افواج اور آلات کافی ہیں۔

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں