ہنگامہ آرائی کیس ،عالیہ حمزہ سمیت 3 ملزموں کو جیل بھیج دیا گیا
راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں )سول جج راولپنڈی ڈاکٹر ممتاز ہنجرا نے ہنگامہ آرائی، نعرہ بازی، سڑک بلاک کرنے ، پولیس پر پتھراؤ اور امن عامہ میں خلل ڈالنے کے مقدمہ میں نامزد تحریک انصاف پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ سمیت 3 ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھجوانے کا حکم دیا ہے جبکہ مقدمہ میں نامزد 2 ملزمان کو مقدمہ سے ڈسچارج کردیا ہے۔
عالیہ حمزہ سمیت دیگر ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا عالیہ حمزہ کی عدالت میں پیش کیا گیا اس موقع پر پولیس نے عالیہ حمزہ کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانے جبکہ شمیم آفتاب اور ڈرائیور محمد احمد 2 ملزمان کو مقدمہ سے ڈسچارج کرنے کی استدعا کی اس موقع پر عالیہ حمزہ کے وکلا نے عالیہ حمزہ کے خلاف مقدمہ، اس کی گرفتاری اور جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانے کی مخالفت کی اس موقع پر کوئی بھی سرکاری وکیل عدالت میں موجود نہ تھا ۔ قبل ازیں عالیہ حمزہ نے عدالت میں پیشی پر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ راولپنڈی میں فلسطین پر یوتھ کنونشن تھا انہیں اس سے بھی ڈر لگا، ان سے پوچھا جائے رات سے ہمیں کیوں حبس بے جا میں رکھا ہے ؟ ایک نئی ایف آئی آر ایک نیا میڈل ہے ، کیا تفتیشی افسر عدالت کے سامنے حلف دے گا؟ پولیس سے کہا تھا کارکنان کو گرفتار نہ کریں مجھے کرنا ہے تو کریں میں اپنے کارکنان کو بچانے کیلئے ہر حد تک جاؤں گی انہوں نے کہا کہ ظلم جتنا مرضی کرلیں ہم ہنس کر برداشت کر لیں گے پولیس پر کسی نے پتھراؤ نہیں کیا، پولیس سے پوچھیں ان کے سامنے میں کھڑی تھی ایک پتھر بھی کسی نے نہیں مارا پھر بھی ہم پر پتھراؤ کرکے پولیس سے مزاحمت کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔