ایران ایٹمی اسلحے کا خواب چھوڑ دے ،ورنہ سنگین ردعمل:ٹرمپ

واشنگٹن، تہران(اے ایف پی)امریکی صدر ٹرمپ نے ایک با رپھر دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کو جوہری ہتھیاروں کا خواب دیکھنا چھوڑنا ہوگا۔۔
، ورنہ سنگین ردعمل کیلئے تیار رہے ۔ ٹرمپ نے اوول آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران ہم سے معاہدہ چاہتا ہے لیکن کیسے کرنا ہے یہ اسے معلوم نہیں، ایران کے مسئلے کو حل کر دوں گا۔ٹرمپ کا کہنا تھا کہ جوہری ہتھیار نہ ہونے پر ایران ایک عظیم ملک بن سکتا ہے ۔دوسری جانب ایرانی سپریم لیڈرخامنہ ای کا کہنا ہے کہ ایران اور امریکا میں بات چیت اچھی ہو رہی ہے ،مذاکرات سے مطمئن ہیں لیکن اس کا کوئی نتیجہ نہیں نکل سکتا۔انہوں نے قانون سازوں سے ملاقات کے دوران کہا کہ مذاکرات کو ایران کے مستقبل سے جوڑنے سے گریز کریں۔خبر ایجنسی کے مطابق سپریم لیڈر کی جانب سے اس طرح کی گفتگو عوام میں ایران امریکا مذاکرات سے بڑھتی ہوئی امیدوں کو کم کرنے کی کوشش ہے ۔واضح رہے گزشتہ چند دنوں میں ایرانی کرنسی میں ڈالر کے مقابلے بیس فیصد اضافہ ہوا ہے جس سے ایرانی عوام میں امید پیدا ہوئی کہ ایران کی اقتصادی تنہائی ختم ہونے کیلئے کوئی معاہدہ ہوسکتا ہے ۔ پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ ایران کی قومی سلامتی، دفاع اور فوجی طاقت پر مذاکرات ناممکن ہیں، ملک کی فوجی صلاحیتیں لامحدود ہیں۔ پاسداران انقلاب کے ترجمان علی محمد کا کہنا ہے کہ فوجی طاقت ایران کی ریڈ لائن ہے جن پر کسی بھی صورت میں بات چیت یا مذاکرات نہیں کئے جا سکتے ۔