عمران کی 15اپریل کو عدالت میں پیشی ،خصوصی سکیورٹی طلب
لاہور،اسلام آباد،راولپنڈی، (خبر نگار، کورٹ رپورٹر،اپنے نامہ نگارسے ،مانیٹرنگ ڈیسک )اڈیالہ جیل حکام نے بانی پی ٹی آئی کو عدالت پیش کرنے کیلئے خصوصی سکیورٹی مانگ لی ۔
با نی پی ٹی آئی کو 15 اپریل کو ایڈیشنل سیشن جج افضل مجوکہ نے پیش کرنے کی ہدایت کر رکھی ہے ، ان کیخلاف اقدام قتل، جعلی رسیدوں و دیگر ضمانت کے کیسز زیر سماعت ہیں۔ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے اسلام آباد پولیس کو خط لکھ کرعمران خان کی سکیورٹی کیلئے خصوصی گارڈز مانگے ہیں۔لاہور ہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی 9 مئی کے 8 مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں سماعت کیلئے مقرر ،جسٹس شہباز رضوی اور جسٹس طارق سلیم شیخ پر مشتمل 2 رکنی بینچ 14 اپریل کو سماعت کرے گا۔انسداد دہشتگردی عدالت کے جج کی رخصت پر 5 اکتوبر جلاؤ گھیراؤ کے 2مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان اور عظمیٰ خان کی عبوری ضمانتوں پرسماعت بغیر کارروائی ملتوی ، دونوں کی ضمانتوں میں 17 مئی تک تو سیع کر دی گئی،ڈیوٹی جج نے دیگر 3مقدمات میں سلمان اکرم راجہ ودیگر کی ضمانتوں میں 17مئی تک توسیع کردی۔ جوڈیشل مجسٹریٹ مرید عباس نے 2014 کے دھرنے میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر مقدمہ میں پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کی بریت درخواست منظور کرلی اوربری کرنے کاحکم دیدیا۔
انسداد دہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس نے 26 نومبرکواحتجاج پر مقدمہ میں گرفتار پی ٹی آئی سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ حیدر سعید کی شناخت پریڈ مکمل ہونے پر جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کردیا ۔عدالت نے نو مئی سمیت دیگر مقدمات میں اویس یونس ودیگر کی عبوری ضمانت میں 6 مئی تک توسیع کر دی۔ سانحہ نومئی ،جی ایچ کیو حملہ کیس میں سرکاری گواہ پیش نہ ہونے سے جیل ٹرائل ٹل گیا۔ انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے جج امجد شاہ نے 11مقدمات کی سماعت کی، وکلا صفائی ،پراسیکیوٹر سمیت طاہر صادق، واثق قیوم، صداقت عباسی، عمر ایوب، بابر اعوان، شیخ رشید کے بھتیجے راشد شفیق ودیگر عدالت پہنچے ،بانی پی ٹی آئی سمیت مرکزی قیادت کیخلاف جی ایچ کیو کیس میں استغاثہ کے گواہوں کی عدم موجودگی پر16 اپریل تک ملتوی جبکہ نو مئی کے دیگر تین تھانہ سٹی اور تھانہ وارث خان کے مقدمات میں ملزموں میں چالان کی نقول تقسیم کرنے کے بعد سماعت 19 اپریل تک ملتوی کردی گئی۔
عدالت نے جی ایچ کیو حملہ کیس سمیت تینوں مقدمات اور دیگر 8 مقدمات کی سماعت بالترتیب 16 اور 19 اپریل تک ملتوی کردی اور 9 مئی کے 13 مقدمات کی سماعت 19 اپریل تک ملتوی کردی۔ 3 مقدمات میں 19 اپریل کو ملزموں پر فرد جرم عائد ہوگی جبکہ 10 مقدمات کے چالان ڈیڑھ سال بعد پیش نہ کیے جا سکے جس پر عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کیا اور آئندہ سماعت پر چالان پیش کرنے کا حکم دیا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ نے پی ٹی آئی قیادت کیخلاف فروری اور مارچ 2024 میں احتجاج پر تھانہ کوہسار کے مقدمات میں سیمابیہ طاہر، خالد خورشید،اجمل صابر راجہ اورعامر مغل کے وارنٹ جاری کرتے ہوئے سماعت 3 مئی تک ملتوی کر دی ۔ سماعت پرعلی بخاری اور شعیب شاہین کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں منظور کر لی گئیں ۔ عدالت نے سماعت 3 مئی تک ملتوی کردی۔