چیف جسٹس یحییٰ آ فریدی سے ترکیہ، ایران کے سفرا کی ملاقاتیں

اسلام آباد(اے پی پی)چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحیی آفریدی سے ترکیہ اور ایران کے سفرا نے ملاقات کی۔ سپریم کورٹ کے اعلامیہ کے مطابق ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نذیر اوغلواور ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے چیف جسٹس سے الگ الگ ملاقات کی۔
ترک سفیر سے ملاقات میں چیف جسٹس نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مضبوط عدالتی تعلقات کا اعتراف کیا اور شریعہ اکیڈمی کے ساتھ تر کیہ کے جوڈیشل ایکسچینج پروگرامز کے ذریعے جاری تعاون کو سراہا۔ انہوں نے اس طرح کے اقدامات کو ضلعی عدلیہ تک بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا جس سے عدالتی افسروں کو عدالتی انتظام، ڈیجیٹائزیشن اور اے آئی ٹیکنالوجی کے استعمال میں ترکیہ کے طریقوں سے استفادہ کا موقع میسر ہوا۔ترکیہ کے سفیر نذیر اوغلو نے ترکیہ کی آئینی عدالت کے چیئرمین کی نیک خواہشات کا اظہار کیا اور عدالتی تعاون کو مزید بڑھانے میں اپنے ملک کی دلچسپی کا اعادہ کیا۔ایرانی سفیر سے ملاقات میں دونوں شخصیات نے پاکستان اور ایران کے درمیان عدالتی تعاون کی اہمیت کا اعادہ کیا۔ ایرانی سفیر نے چیف جسٹس ایران کی جانب سے جسٹس یحیی آفریدی کی تقرری پر مبارکباد پیش کی اور ایران کے سرکاری دورے کی دعوت دی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ایران کے چیف جسٹس مستقبل قریب میں پاکستان کا دورہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ چیف جسٹس یحیی آ فریدی نے دونوں ممکنہ دوروں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا اس طرح کے اعلیٰ سطح تبادلے سیکھنے اور ادارہ جاتی روابط کو مضبوط بنانے کیلئے اہم مواقع فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے ضلعی عدلیہ کو شامل کرنے کیلئے عدالتی تعاون کو وسیع کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔