9مئی :ملزموں کے قانونی حقوق کا تحفظ یقینی بنائیں:سپریم کورٹ

اسلام آباد(اے پی پی)سپریم کورٹ نے 9 مئی کے ملزموں کا چار ماہ میں ٹرائل مکمل کرنے ،تمام ملزمان کو چارج شیٹ سمیت تمام ضروری دستاویزات فراہم کرنے اور ان کے قانونی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
چیف جسٹس یحیی آفریدی کی سربراہی میں جسٹس شفیع صدیقی اور جسٹس شکیل احمد پر مشتمل سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے 9 مئی کے واقعہ سے متعلق متفرق درخواستوں کی سماعت کی۔عدالت نے سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت جمعرات تک ملتوی کر دی۔پنجاب حکومت کی جانب سے طیبہ راجہ سمیت ملزمان کے خلاف دائر اپیلیں نمٹا دی گئیں۔ عدالت نے ہدایت کی کہ ان مقدمات کی سماعت چار ماہ میں مکمل کی جائے ۔ عدالت نے اس بات پر بھی زور دیا کہ تمام ملزمان کوچارج شیٹ اور متعلقہ دستاویزات کی فراہمی سمیت ان کے قانونی حقوق فراہم کیے جائیں۔ چیف جسٹس یحیی آفریدی نے ریمارکس دیئے کہ عدالت کے تحریری حکم نامے میں یہ نکات واضح طور پر بیان کیے جائیں گے ۔عدالت نے جناح ہاس پر حملے کے ملزم علی رضا کی ضمانت کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا اگر عدالت طبی حالات کو ضمانت کیلئے جائز قرار دے تو زیادہ تر ملزمان کو رہا کیا جائے گا۔